ہوشیارپور کے بی ایس پی امیدوار کا ٹکٹ منسوخ

   

ہوشیار پور: بہوجن سماج پارٹی نے چہارشنبہ کو پنجاب کے ہوشیار پور سے اپنے امیدوار راکیش سومن کا ٹکٹ منسوخ کرنے کا اعلان کیا۔بی ایس پی کے مرکزی کنوینر اور پنجاب، ہریانہ اور چندی گڑھ میں پارٹی امور کے انچارج رندھیر سنگھ بینیوال نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ سومن کا ٹکٹ کل منسوخ کر دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسا کرنے کی وجہ سومن کی درست ووٹر لسٹ فراہم کرنے میں ناکامی ہے ۔ بینیوال نے الزام لگایا کہ مسٹر سومن کا نام عام آدمی پارٹی حکومت کے مبینہ تعاون سے ووٹر لسٹ سے ہٹا دیا گیا ہے ۔ ابھی کل ہی پنجاب بی ایس پی کے صدر جسویر سنگھ گڑھی، ایم ایل اے نچھتر پال اور مسٹر سومن نے چنڈی گڑھ میں چیف الیکٹورل آفیسر سے ملاقات کی اور سومن کے حق رائے دہی کے مسئلہ کو حل کرنے کی اپیل کی۔ انتخابی افسر کی ہدایت پر سومن نے ایک تحریری شکایت درج کرائی تھی اور نئے ووٹر کارڈ کی درخواست کی تھی۔ اس سے پہلے بھی 5 مئی کو سومن نے بوتھ لیول آفیسر سے ایسی ہی درخواست کی تھی۔