ہولی پر پارلیمنٹ کو دو دن کی چھٹی

   

نئی دہلی6مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) پارلیمنٹ میں ہولی پر دو دن کی چھٹی ہوگی اور اب دونوں ایوانوں کی نشست چہارشنبہ کو ہوگی۔اپوزیشن کے ہنگامہ کی وجہ سے جمعہ کو لوک سبھا اور راجیہ سبھا کی کارروائی دن بھر کے لئے ملتوی کردی گئی۔ پارلیمنٹ میں ہفتہ اور اتوار کو نشست نہیں ہوتی ہے اس لئے جمعہ کو کارروائی پیر تک کے لئے ملتوی کی جاتی ہے ۔ اس مرتبہ پیر اورمنگل کو ہولی کا تہوار ہونے کی وجہ سے دونوں ایوان کا اجلاس نہیں ہوگا۔ اس طرح پارلیمنٹ کی نشست چار دنوں کی چھٹی کے بعد اب چہارشنبہ یعنی 11مارچ کو ہوگی۔ دہلی میں تشدد کے مسئلہ پر بحث کرانے کے مطالبہ کے سلسلے میں برسراقتدار اور اپوزیشن میں رسہ کشی ہے جس کی وجہ سے بجٹ سیشن کے دوسرے مرحلے میں ایک دن بھی ایوان باضابطہ ڈھنگ سے نہیں چل پایا ہے ۔