واشنگٹن : ایسٹر تہوار سے قبل مذہبی قائدین کے ایک ورچوئل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امریکہ کے صدر جوبائیڈن نے ہولی کے رنگارنگ تہوار کا بھی تذکرہ کیا اور کہا کہ ایسٹر تہوار کی آمد آمد ہے اور وہ اپنی اہلیہ جل بائیڈن کے ساتھ تہوار منانے کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم لوگوں نے چونکہ ویکسین لے لی ہے لہٰذا ہم اپنے کچھ ارکان خاندان کے ساتھ ایسٹر تہوار منانے کا لطف اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ دنوں رنگوں کا تہوار ہولی بھی گزر گیا اور اب رمضان المبارک کی بھی آمد آمد ہے۔ یادر ہیکہ گذشتہ ہفتہ امریکی نائب صدر کملاہیریس نے ہندو برادری کو ہولی کی مبارکباد دی تھی جو کسی بھی امریکی نائب صدرکی جانب سے پہلی بار دی جانے والی مبارکباد تھی۔ بائیڈن نے البتہ اس بات پر فکرمندی کا اظہار کیا کہ کوویڈ کے ہوتے ہوئے لوگ اب بھی بہت زیادہ سفر کررہے ہیں اور سماجی فاصلہ برقرار رکھنے، ماسک لگانے اور بار بار ہاتھوں کو دھونے سے گریز کررہے ہیں اور یہی وجہ ہیکہ کوویڈ کے کیسیز میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔
پہلے کابینی اجلاس میں حقیقی امریکہ کا احساس : بائیڈن
واشنگٹن : امریکی صدر جوبائیڈن کا پہلا کابینی اجلاس ان کے پیشرو ڈونالڈٹرمپ کے طلب کردہ اجلاس سے کافی مختلف نظر آیا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ دلچسپ ہوگا کہ بائیڈن کی مکمل کابینہ کا اجلاس وائیٹ ہاؤس کے کشادہ ایسٹ روم میں منعقد ہوا جبکہ عام طور پر پرویسٹ ونگ میں اجلاس کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ اس بار چونکہ سماجی فاصلہ کا خاص خیال رکھنا تھا اس لئے کئی چھوٹی میزوں کو ایک ساتھ ملا کر ایک بڑا سا ٹیبل تیار کرلیا گیا جبکہ وزراء اور دیگر شرکاء نے ماسک پہن رکھے تھے۔ اس موقع پر جوبائیڈن نے اپنی کابینہ کے تنوع کا خصوصی طور پر تذکرہ کیا جن میں پہلے سیاہ فام وزیردفاع لائیڈ آسٹن، پہلے ہم جنس پرست کابینی رکن پیٹ بوٹی گینگ بطور وزیر ٹرانسپورٹ اور پہلی خاتون وزیر مالیات جینیٹ یلین کے نام قابل ذکر ہیں جبکہ اس بات کا تذکرہ خصوصی طور پر کیا جانا چاہئے کہ نائب امریکی صدر کملا ہیریس بھی ایک سیاہ فام ہندوستانی نژاد خاتون ہیں۔ اس موقع پر جوبائیڈن نے کہا کہ ’’انہیں کابینی اجلاس میں حقیقی امریکہ کا احساس‘‘ ہورہا ہے۔ ہم نے یہی وعدہ کیا تھا اور ہم نے اس کی تکمیل کی ہے۔ واضح رہیکہ بائیڈن کے پیشرو ڈونالڈ ٹرمپ کی کابینہ میں سفید فام ارکان کی اکثریت تھی جن میں زیادہ تعداد مردوں کی تھی۔