عوام کو کنٹرول روم پر ربط پیدا کرنے کا مشورہ
حیدرآباد۔ کورونا سے فوت ہونے والوں کی آخری رسومات تجارت میں تبدیل ہوجانے کے بعد گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے ہوم آئسولیشن میں بھی دم توڑدینے والے متاثرین کی بھی آخری رسومات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کورونا سے متاثر ہونے والے افراد فوت ہوجاتے ہیں تو ان کی آخری رسومات کی انجام دہی بہت بڑا مسئلہ بنی ہوئی ہے۔ خونی رشتوں کی دوری کا ایجنسیوں کی جانب سے ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے آخری رسومات کیلئے 30 تا40 ہزار روپئے وصول کئے جارہے تھے اس کی خبریں عام ہونے کے بعد جی ایچ ایم سی نے فیصلہ کیا ہے کہ اب وہ ہوم آئسولیشن میں دم توڑنے والوں کی بھی آخری رسومات انجام دے گی۔ سرکاری ہاسپٹلس میں کورونا سے جانبر نہ ہونے والے کورونا متاثرین کی آخری رسومات جی ایچ ایم سی کا عملہ ہی انجام دے رہا ہے۔ اب ہوم آئسولیشن میں علاج کے دوران فوت ہونے والے متاثرین کی بھی آخری رسومات انجام دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ تمام اخراجات جی ایچ ایم سی کی جانب سے برداشت کیا جائے گا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ ہوم آئسولیشن میں فوت ہونے والے متاثرین کی آخری رسومات کیلئے ٹیلی فون نمبرات 040-2111 1111 ، 9154686549 اور 9154686558 پر عوام ربط پیدا کرسکتے ہیں۔ یہ کوویڈ کنٹرول روم کے ٹیلی فون نمبرات ہیں ، جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں کی جانب سے کورونا متاثرین سے فوت ہونے والوں کی آخری رسومات تجارت میں تبدیل ہوجانے کی اطلاعات پر یہ اقدامات کئے ہیں تاکہ غریب عوام کو راحت فراہم کی جاسکے۔