کورس، خواتین کیلئے فائدہ مند، مختلف شخصیتوں کا خطاب، ڈاکٹر اسماء النساء کو تہنیت کی پیشکشی
محبوب نگر۔/2 ڈسمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تاج دکن ایجوکیشنل اینڈ کلچرل سوسائٹی کے زیر اہتمام ’’ ابتدائی طبی امداد و ہوم نرسنگ ‘‘ کورس سے متعلق شعور بیداری پروگرام دفتر سوسائٹی نزد مسجد بطحیٰ ٹیچرس کالونی منعقد ہوا۔ محمد سلیم نواب صدر سوسائٹی نے صدارت کی۔ مہمانان خصوصی کی حیثیت سے ڈاکٹر عابد معز، ڈاکٹر انور نواز۔ مہمان اعزازی آرکیٹکٹ عبدالرحمن سلیم، محمد عبدالبصیر خالد کے علاوہ محمد غلام غوث، محمد مقبول و دیگر شریک تھے۔ ڈاکٹر عابد معز نے کہاکہ فرسٹ ایڈ اینڈ ہوم نرسنگ کورس خواتین کیلئے کافی کارآمد ثابت ہوگا۔ آجکل چھوٹے دواخانوں میں بھی معمولی علاج کیلئے زائد رقم خرچ کرنی پڑتی ہے۔ اس کورس سے خواتین گھر میں ہی علاج کرسکتی ہیں۔ محمد عبدالبصیر خالد نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آج کل ہر خاندان کا ہر فرد کسی نہ کسی مرض میں مبتلا نظر آتا ہے۔ گھر کے باہر کا علاج کافی خوف والا ہوتا ہے اور عام آدمی وہ خرچ برداشت نہیں کرسکتا لیکن خواتین و طالبات اس کورس کو مکمل کرکے گھر کے اندر کا علاج بغیر خرچ کے اطمینان بخش طریقہ سے مکمل کرسکتی ہیں۔ انہوں نے کورس کے ذمہ داروں کی ستائش کی۔ محمد سلیم نواب نے کہا کہ سوسائٹی کی جانب سے مسلمانوں بالخصوص خواتین کو خود مکتفی بنانے کیلئے مختلف کورسیس کی تربیت دی جارہی ہے۔ ڈاکٹر عبدالنعیم اور محمد منیر اور امین الدین قادری نے مخاطب کرتے ہوئے کورس کی تفصیل اور اس کیی افادیت پر روشنی ڈالی۔ محمد غلام غوث نے سوسائٹی کی رپورٹ پیش کی ۔ محمد مقبول نے شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر اسماء النساء کو پی ایچ ڈی کی تکمیل پر تہنیت پیش کی گئی۔ طلبہ ، خواتین کے علاوہ عوام بھی موجود تھے۔