ہوم کورنٹائن افراد کو ہر گھنٹہ سیلفی بھیجنے کی ہدایت

   

کورونا مریضوں پر نظر رکھنے کرناٹک حکومت کا انوکھا طریقہ
بنگلورو ۔ 31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک حکومت نے ریاست کے کورونا کے مریضوں اور ہوم کورنٹائن افراد کی صحت پر قریبی نظر رکھنے کیلئے نیا طریقہ اختیار کیا ہے۔ ایسے تمام افراد کو ہدایت دی گئی ہیکہ وہ ہر گھنٹہ اپلیکیشن ’’کورنٹائن واچ‘‘ پر اپنی سیلفی بھیجیں۔ یہ اپلیکیشن کرناٹک کے محکمہ مال کی جانب سے تیار کیا گیا ہے۔ حکومت نے ہوم کورنٹائن افراد کو سخت وارننگ دی ہیکہ اگر وہ اس ہدایت پر عمل نہیں کریں گے تو انہیں کورنٹائن سنٹرس میں بھیج دیا جائے گا۔ کرناٹک کی وزیرطبی تعلیم ڈاکٹر کے سدھاکر نے تمام ہوم کورنٹائن افراد کو ہدایت دی ہیکہ وہ اپنا اندراج کروائیں اور ہر گھنٹہ اپنی سیلفی روانہ کریں۔ کورنائن واچ پر بھیجے جانے والی سیلفی جی ایس پی سے مربو ط ہوگی جس سے مریض کے مقام کا پتہ چلایا جاسکتا ہے۔ رات میں 10 تا صبح 7 بجے سونے کے وقت کو چھوڑ کر باقی وقت میں اگر سیلفی روانہ نہیں کی گئی تو عہدیداروں کی ٹیم اس کے مکان پر پہنچ جائے گی اور اسے بڑے کورنٹائن سنٹر میں بھیج دیا جائے گا۔