حیدرآباد ۔8۔ ستمبر (سیاست نیوز) سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری کے سامبا سیوا راؤ نے الزام عائد کیا کہ پولیس کے اعلیٰ عہدیدار ہوم گارڈس کو اپنے ذاتی کاموں پر استعمال کر رہے ہیں اور انہیں سرکاری ڈیوٹی کے بجائے شخصی کاموں کے لئے مجبور کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ عہدیداروں کے دباؤ اور ہراسانی کے نتیجہ میں ہوم گارڈ رویندر نے خودکشی کرلی۔ سامبا سیوا راؤ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ریاست کے تمام ہوم گارڈس کی خدمات کو باقاعدہ بناتے ہوئے ریگولر تنخواہوں کی اجرائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے خودکشی کرنے والے ہوم گارڈ کے پسماندگان کو 50 لاکھ روپئے معاوضہ کی ادائیگی اور بیوہ کو روزگار فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ سامبا سیوا راؤ نے سینئر لیڈر چاڈا وینکٹ ریڈی کے ہمراہ عثمانیہ ہاسپٹل پہنچ کر متوفی ہوم گارڈ کے افراد خاندان سے ملاقات کی۔ انہوں نے ہوم گارڈ کے افراد خاندان کو تیقن دیا کہ حکومت سے انصاف دلانے کیلئے ہر ممکن جدوجہد کی جائے گی۔ سامبا سیوا راؤ نے ہوم گارڈ کی موت کیلئے حکومت کو ذمہ دار قرار دیا اور کہا کہ ہراساں کرنے والے عہدیداروں کیخلاف کارروائی کی جائے ۔ خودکشی معاملہ کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا۔