ہوم گارڈ کو نماز جمعہ ادا کرنے سے روک دیا گیا

   

حیدرآباد ۔ یکم / فبروری (سیاست نیوز) محکمہ پولیس میں مبینہ متعصب رویہ کا ایک واقعہ سامنے آیا ہے ۔ ٹریفک پولیس اسٹیشن گوشہ محل سے تعلق رکھنے والے ایک مسلم ہوم گارڈ کو نماز جمعہ ادا کرنے سے مبینہ طور پر روک دیا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ ٹریفک پولیس کے ہوم گارڈ محمد اسد جو گوشہ محل ٹریفک پولیس اسٹیشن میں خدمات انجام دے رہے ہیں آج دوپہر نماز جمعہ کی ادائیگی کیلئے پولیس اسٹیشن کے رائیٹر مہیش اور کرشنا سے اجازت طلب کی لیکن اسے انکار کردیا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ ہوم گارڈ اسد کو نماز اپنے گھر میں ادا کرنے کا مشورہ دیا گیا ۔ عہدیداروں کے اس فرقہ وارانہ رویہ کے خلاف ہوم گارڈ محمد اسد نے اپنا شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بعض افراد کی جانب سے نماز کی ادائیگی کو فرقہ وارانہ رنگ دیئے جانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مالاکنٹہ کی مسجد جو گوشہ محل ٹریفک پولیس اسٹیشن سے کچھ فاصلہ پر ہے میں نماز کی ادائیگی سے روک دیا گیا ۔