بہار کے گیا میں انسانیت سوز واقعہ! ایمبولینس ڈرائیور اور ٹیکنیشن گرفتار
پٹنہ۔ 26؍جولائی ( ایجنسیز)بہار کے ضلع گیا سے ایک انسانیت سوز واقعہ سامنے آیا ہے جس نے ریاست بھر میں سنسنی پھیلا دی ہے۔ ہوم گارڈ کی بھرتی کیلئے دوڑ میں شریک ایک نوجوان خاتون امیدوار کے ساتھ چلتی ایمبولینس میں زیادتی کی گئی۔ میڈیاکے مطابق، پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایمبولینس ڈرائیور اور ٹیکنیشن کو گرفتار کر لیا ہے۔یہ واقعہ جمعرات کو بودھ گیا کے بی ایم پی 3 پریڈ گراؤنڈ پر اس وقت پیش آیا جب ریاست میں ہوم گارڈز کی بھرتی کیلئے جسمانی ٹیسٹ ہو رہے تھے۔ دوڑ کے دوران ایک نوجوان خاتون امیدوار اچانک بیہوش ہو گئی۔ متاثرہ لڑکی کو ایک ایمبولینس میں ڈرائیور ونے کمار اور ٹیکنیشن اجیت کمار کے ساتھ ہاسپٹل لے جایا گیا۔تاہم اسپتال پہنچنے کے بعد جب لڑکی کو ہوش آیا تو اس نے ڈاکٹروں کو بتایا کہ ہاسپٹل لے جاتے وقت چلتی ایمبولینس میں اس کے ساتھ زیادتی کی گئی۔ ڈاکٹروں نے فوری طور پر پولیس کو مطلع کیا۔ پولیس نے دو گھنٹوں کے اندر اندر دونوں ملزمین کو گرفتار کر لیا۔ ایس ایس پی آنند کمار نے بتایا کہ متاثرہ کو مکمل تحفظ اور قانونی مدد فراہم کی جائے گی۔یہ واقعہ صرف پولیس یا عدالتی نظام کے لیے ہی نہیں بلکہ پورے معاشرے کیلئے ایک لمحۂٔ فکر ہے کہ ہاسپٹل لے جانے والی ایمبولینس جیسی محفوظ گاڑی میں بھی خواتین محفوظ نہیں۔ عوامی سطح پر غم و غصہ ظاہر کیا جا رہا ہے اور لوگ ملزمین کو سخت ترین سزا دینے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔بہار میں جرائم کے بڑھتے ہوئے واقعات پر نہ صرف سیاسی قائدین بلکہ عوام کی جانب سے بھی تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
جرائم کے برھتے ہوئے واقعات کیلئے سب ہی حکومت کو ذمہ دار قرار دے رہے ہیں ۔