چیف منسٹر ریونت ریڈی کا اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس
حیدرآباد ۔ 11۔ جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ میں عوام کو ملاوٹ اور صحت کے لئے نقصاندہ غذاؤں کی سربراہی کے خلاف توجہ مرکوز کرنے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے فوڈ سیفٹی ڈپارٹمنٹ کو ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوڈ سیفٹی سے متعلق ادارہ کو متعارف کرتے ہوئے عوام کی زندگی سے کھلواڑ کرنے والے ہوٹلوں ، ریسٹورینٹس ، ہاسٹلس اور دیگر اداروں کی جانچ کی جائے۔ چیف منسٹر نے حالیہ دنوں میں ہوٹلوں ، ریسٹورینٹس اور فوڈ سنٹرس کے معائنہ کے موقع پر پائی گئی بے قاعدگیوں پر تشویش کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کے تحت فوڈ سیفٹی حکام کو ریاست بھر میں متحرک کیا جائے گا۔ انہوں نے سکریٹریٹ میں عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا جس میں 10 موبائیل فوڈ لیباریٹریز کے قیام کو منظوری دی گئی تاکہ غذائی اشیاء کی فوری طور پر جانچ کی جاسکے۔ موبائل لیباریٹریز کے ذریعہ ریاست بھر میں ایک دن میں 200 فوڈ سیفٹی معائنے کئے جائیں گے ۔ حکومت نے فوڈ سیفٹی ڈپارٹمنٹ کے تحت مزید 17 عہدیداروں کا تقرر کیا ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ دیگر ریاستوں سے تفصیلات حاصل کرتے ہولئے تلنگانہ میں بھی ملاوٹ پر مبنی غذاؤں سے عوام کو بچانے کے اقدامات کئے جائیں۔ سرکاری اور خانگی تعلیمی اداروں کے تحت چلنے والے ہاسٹلس کی بھی متواتر جانچ کی جائے گی تاکہ طلبہ کو فراہم کی جانے والی غذا کا معائنہ کیا جاسکے۔ حکام نے ریاست بھر میں 387 ہاسٹلس کا معائنہ مکمل کرلیا ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں پر سخت کارروائی کی جائے۔ 1