تجارتی اداروں کے مالکین کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کرنے پر غور
حیدرآباد۔8۔مارچ۔(سیاست نیوز) دونوں شہروں میں ماہ رمضان المبارک کے دوران تجارتی سرگرمیوں بالخصوص ہوٹلوں میں حلیم کی تیاری کے سلسلہ میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے جلد ہی رہنمایانہ خطوط کی اجرائی کے اقدامات کئے جائیں گے اور دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کی ریستوراں اور ہوٹلوں میں ماہ رمضان المبارک کے دوران تیار کی جانے والی خصوصی ڈش حلیم کی تیاری میں صفائی کا خصوصی خیال رکھنے کے علاوہ بلدیہ کے منظورہ مسالخ سے ہی گوشت کے حصول کو یقینی بنانے کا پابند بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ ذرائع کے مطابق مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے کی ماہ رمضان المبارک کی آمد کے سلسلہ جاری تیاریوں کے دوران شہر میں حلیم کی تیاری و فروخت کے سلسلہ میں مشاورت اور خصوصی ہدایات و رہنمایانہ خطوط کی اجرائی کے سلسلہ میں جائزہ اجلاس منعقد کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے تاکہ ماہ رمضان المبارک کے دوران مساجد و سڑکوں کے علاوہ ہوٹلوں و ریستورانوں کے اطراف و اکناف بھی صفائی کے خصوصی انتظامات کو یقینی بنایا جاسکے علاوہ ازیں ہوٹلوں میں استعمال کئے جانے والے گوشت کے معیار کو برقرار رکھنے کے لئے ان ہوٹلوں اور ریستورانوں کے مالکین کو اس با ت کی تاکید کی جائے گی کہ وہ سرکاری منظورہ مسالخ کے ذریعہ ہی گوشت حاصل کریں تاکہ شہریوں کو اس بات کی طمانیت حاصل رہے کہ ہوٹلوں میں جو گوشت کا استعمال کیا جارہا ہے وہ معیاری اور صحتمند ہے۔ سال گذشتہ بھی مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں کی جانب سے ہوٹل مالکین کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے رہنمایانہ خطوط کی اجرائی عمل میں لائی گئی تھی اور کہا جار ہاہے کہ آئندہ ہفتہ کے دوران بھی جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں کی جانب سے اجلاس طلب کرتے ہوئے رہنمایانہ خطوط کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی اور ہوٹل مالکین کو چھتوں پر حلیم کی تیاری سے گریز کا مشورہ دینے کے علاوہ آتش فرو آلات کی تنصیب کے لئے بھی خصوصی احکامات کی اجرائی عمل میں لائی جاسکتی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ ماہ رمضان المبارک کے دوران ہوٹلو ں و ریستوراں کے آس پاس پارکنگ کے مناسب انتظامات نہ کئے جانے پر محکمہ ٹریفک پولیس اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے کاروائی کے سلسلہ میں بھی ہوٹل مالکین کو واقف کروایا جائے گا۔ذرائع کے مطابق اس اجلاس میں جی ایچ ایم سی کی جانب سے معیار پر خصوصی توجہ دینے اور مصروف ترین مقامات پر ٹریفک کی حمل کو نقل میں رکاوٹیں پیدا نہ کرنے پر زور دینے کا فیصلہ کیا ہے۔م