شکایات نہ ملنے پر بھی معائنے کرنے مئیر وجئے لکشمی کی ہدایت
حیدرآباد۔ مئیر حیدرآباد گدوال وجئے لکشمی نے آج جی ایچ ایم سی صحت و صفائی ونگ کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ شہر کی ہوٹلوں میںصفائی اور نفاست کا خیال رکھیں۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ اگر شہریوں کی جانب سے کوئی شکایت نہیں بھی ملتی ہے تب بھی ہوٹلوں میں باقاعدہ معائنے کرتے رہیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہوٹلوں میں جو غذا تیار کی جاتی ہے اور گاہکوں کو دی جاتی ہے وہ پاک و صاف ماحول میں تیار کردہ ہو ۔ گدوال وجئے لکشمی نے اس سلسلہ میں ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا جس میں چیف میڈیکل آفیسر پدما اور 30 سرکلوں کے اسسٹنٹ میڈیکل آفیسرس آف ہیلت نے شرکت کی ۔ مئیر نے کہا کہ بہتر یہ ہوگا کہ غریبوں اور بے گھر افراد کو کھانے کی سہولت کیلئے ’’ فیڈ دی نیڈ ‘‘ کمیونٹی فرجس جو رکھے گئے ہیں انہیں ہوٹلوں کے قریب رکھا جائے تاکہ جو غذا ان ریفریجریٹرس میں رکھی گئی ہے وہ بہتر حالت میں رہ سکے۔ انہوں نے اسسٹنٹ میڈیکل آفیسرس ہیلت سے کہا کہ وہ ہوٹلوں کے معائنوں اور انسپکشن کے بعد اپنی رائے دیں تاکہ صفائی کی صورتحال کو بہتر بنانے اقدامات کئے جاسکیں۔ اس دوران بلدیہ سے جی ایچ ایم سی کو آپشن ارکان کے خواہشمندوں سے طلب درخواستوں سے متعلق نوٹس کو واپس لے لیا گیا ۔ کہا گیا ہے کہ ماہ اپریل میں کئی تعطیلات اور کام کے ایام کم رہنے کی وجہ سے ایسا کیا گیا ہے اور جلد ہی نظرثانی شدہ شیڈول جاری کردیا جائیگا ۔