ہوٹلوں کے سائن بورڈ کو درست کرنے کی ہدایت

   

Ferty9 Clinic

ویجلنس کی جانب سے کارروائی ، بھاری جرمانے عائد

حیدرآباد: مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کو معاشی طور پر مستحکم بنانے اور شہر حیدرآباد میں ریستوراں اور بیکری کے علاوہ ہوٹلوں پر موجود سائن بورڈ س کو درست کرنے کیلئے جی ایچ ایم سی کے تحت خدمات انجام دینے والے ادارہ انفورسمنٹ ویجلنس اینڈ ڈساسٹر مینجمنٹ کی جانب سے بڑے پیمانے پر کاروائیوں کا آغاز کیا گیا ہے اور دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کی کئی ہوٹلوں اور ریستوراں پر ہزاروں روپئے کے جرمانے عائد کرنے کے علاوہ دونوں شہروں میں موجود موبائیل فون ٹاؤرس کو نوٹسوںکی اجرائی عمل میں لائی گئی ہے۔ای وی ڈی ایم کی جانب سے کی جانے والی اس کاروائی کے دوران شہر حیدرآباد کے کئی مقامات پر لگائے گئے موبائیل فون ٹاؤرس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اجازت ناموں کی فراہمی کے علاوہ عمارتوں کے مستحکم ہونے کے سرٹیفیکیٹ پیش کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں اور جن ریستوراں اور ہوٹلوں میں جی ایچ ایم سی قوانین کے خلاف بیانرس یا ہورڈنگس نصب کئے گئے ہیں ان کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔پرانے شہر میں واقع معروف پستہ ہاؤز کو بھی جی ایچ ایم سی کی جانب سے 50ہزار روپئے کا جرمانہ کیا گیا اور ہورڈنگ و سائن بورڈ کی تنصیب کے معاملہ میں جی ایچ ایم سی قوانین کی خلاف ورزی کی بنیاد پر یہ کاروائی کی گئی ہے۔اسی طرح لکی ریستوراں پر بھی بھاری جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ای وی ڈی ایم ذرائع کے مطابق دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد میں موجود سیل فون ٹاؤرس کے غیر مجاز ہونے اور بغیر اجازت کے نصب کئے جانے کے عمل کا جائزہ لینے کے لئے ان تمام عمارتوں اور جائیدادوں کے مالکین کو نوٹس جاری کی جا رہی ہے جن پر سیل فون ٹاؤرس نصب کئے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں کو اس بات کی شکایات وصول ہوئی ہیں کہ شہر کے کئی مقامات پر بغیر اجازت حاصل کئے سیل فون ٹاؤرس نصب کئے گئے ہیں اور مقامی افراد سے این او سی کے حصول کے علاوہ عمارت کے استحکام کا جائزہ لئے بغیر بھی ٹاؤرس کی تنصیب عمل میں لائی گئی ہے اسی لئے نوٹسوں کی اجرائی عمل میں آئی ۔