ہوٹل آتشزدگی میں اموات ، حفاظتی انتظامات سے ناواقفیت کا نتیجہ

   

نئی دہلی۔ 3 فروری (سیاست ڈاٹ کام) گزشتہ برس ماہ فروری میں ہوٹل میں پیش آئے آتشزدگی کے واقعہ جس میں 17 افراد کی موت ہوئی تھی، وہ دراصل حفاظتی انتظامات سے ناواقفیت کا نتیجہ ہے۔ محکمہ آتش فرو نے ہائیکورٹ کو یہ تفصیلات آج فراہم کی ہیں۔ محکمہ آتش فرو کی جانب سے آج داخل کردہ حلف نامہ جو کہ چیف جسٹس بی این پٹیل اور جسٹس سی ہری شنکر پر مشتمل بینچ کے روبرو پیش کیا گیا، اس میں کہا گیا ہے کہ 12 فروری 2019ء کو جب یہ حادثہ پیش آیا تھا، اس میں متعدد افراد کی اموات دراصل ناگہانی واقعہ سے نمٹنے کیلئے فراہم کردہ سہولیات سے عدم واقفیت کا نتیجہ ہے۔ علاوہ ازیں ہوٹل میں رہنے والوں اور وہاں کے عملے کو اس کی تفصیلات کا علم نہیں تھا۔ مذکورہ محکمہ نے کہا ہے کہ ہوٹل ارپت پیالیس جہاں یہ حادثہ پیش آیا تھا، اس ہوٹل میں باہر جانے کیلئے سیڑھیوں کے دو راستے موجود ہونے کے علاوہ عمارت میں فائر سیفٹی سسٹم بھی موجود تھا۔ حلف نامہ جو کہ مفاد عامہ کے تحت عدالت میں پیش کیا گیا، اس میں کہا گیا ہے کہ قرول باغ میں موجود ہوٹل میں حادثہ کے دوران اموات کی اصل وجہ فائر سیفٹی انتظامات سے عدم واقفیت کا نتیجہ ہے۔