ہوٹل دی للت میں چھپے کئی راز، نواب ملک کا دعویٰ

   

چند یوم میں مزید کئی انکشافات کا ارادہ ، سمیر وانکھیڑے بدستور نشانہ

ممبئی: مہاراشٹرا حکومت کے وزیر اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) لیڈر نواب ملک نے اتوار کو ایک بار پھر ایک انکشاف کرنے کا دعویٰ کیاہے۔ لوگوں کو دیوالی کی مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے کہاہے کہ ہوٹل دی للت میں بہت سے راز پوشیدہ ہیں۔ ملک نے ماضی میں این سی بی کے زونل ڈائریکٹر سمیر وانکھیڑے پر کئی الزامات لگائے ہیں۔ افسر کے لباس سے لے کر ذات تک سوال اٹھائے ہیں۔نواب ملک نے آج ٹویٹ کیا اور کہاہے کہ دیوالی مبارک ہو۔ آپ سب کو دیوالی مبارک ہو۔ ہوٹل دی للت میں کئی راز پوشیدہ ہیں۔ اتوارکو ملیں گے۔بات نکلے گی تو دور تلک جائے گی:نواب ملک نے اشاروں میں کیا حملہمہاراشٹر کے وزیر نواب ملک نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے ایک افسر سمیر وانکھیڑے پر مسلسل الزام لگا رہے ہیں، جو آرین خان منشیات کیس کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ انہوں نے منگل کو کہا کہ جب سے سمیر وانکھیڑے اس محکمہ میں آئے ہیں، وہ ایک پرائیویٹ آرمی لے کر آئے ہیں جس میں منیش بھانوشالی، سیم ڈی سوزا سمیت کئی لوگ ہیں، جو منشیات کا کاروبار بھی کرتے ہیں اور لوگوں کو پھنساتے ہیں۔انہوں نے الزام لگایا کہ وانکھیڑے کے ذریعے کروڑوں روپئے کی وصولی ہوئی ہے۔ نواب ملک نے آج بھی ٹویٹ کیا ہے کہ ’بات نکلے گی تو دور تلک جائے گی‘، لوگ بلا وجہ مایوسی کی وجہ پوچھیں گے۔ صارفین اس پر خوب تبصرے کر رہے ہیں۔اس تبصرے کے بارے میں یہ بھی قیاس کیا جا رہا ہے کہ وہ جلد ہی کوئی نیا انکشاف کر سکتے ہیں۔