حیدرآباد ۔ /10 مارچ (سیاست نیوز) علاقہ بنجارہ ہلز میں کل رات دیر گئے اُس وقت سنسنی پھیل گئی جب پرانے شہر سے وابستہ ایک روڈی شیٹر اور اس کے ساتھیوں نے ہوٹل ملازمین پر چاقو سے حملہ کردیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ پیر کی شب روڈ نمبر 12 پر واقع کبارا ڈرائیونگ فوڈ کورٹ کے قریب ایک پارک کی ہوئی کار میں نامعلوم افراد سگریٹ نوشی کررہے تھے جسے دیکھ کر ہوٹل کے ملازم پون نے اعتراض کیا اور عوامی مقام پر سگریٹ نہ پینے کا مشورہ دیا ۔ اس مسئلہ پر 26 سالہ عامر حسین جو میرچوک پولیس اسٹیشن کا روڈی شیٹر بتایا جاتا ہے نے پون سے بحث و تکرار کی اور اپنے ساتھی ملک قادر ساکن پرانی حویلی کی مدد سے ہوٹل ملازم پر ایک چاقو سے حملہ کردیا ۔ اس واقعہ میں ہوٹل ملازم پون زخمی ہوگیا اور اسے مقامی دواخانہ منتقل کیا گیا ۔ پولیس بنجارہ ہلز کے سب انسپکٹر ای روی نے بتایا کہ روڈی شیٹر اور اس کے ساتھی کے خلاف اقدام قتل اور آرمس ایکٹ کے تحت ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے اور انہیں حراست میں لے لیا گیا ۔