ہوٹل میں ناقص انتظامات ، انتظامیہ پر بھاری جرمانہ

   

بریانی کھانے سے دست و قئے ، متاثرین کی شکایت پر بلدیہ کی کارروائی
حیدرآباد ۔ 6 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے حدود میں واقع ونستھلی پورم کے ین جی اوز کالونی کی اہم شاہرہ پر چلائی جانے والی ’ مسٹر پلاؤ ہوٹل ‘ میں صحت و صفائی کے ناقص انتظامات کی روشنی میں ہوٹل انتظامیہ کے خلاف 50 ہزار روپئے کا جرمانہ عائد کیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ ونستھلی پورم ین جی اوز کالونی کی اہم شاہراہ پر تین افراد کی جانب سے مسٹر پلاؤ ہوٹل چلائی جارہی ہے اور گذشتہ دو دن قبل ونستھلی پورم ین جی اوز کالونی میں مقیم شریمتی اوما اور مسٹر سرینواس نے ہوٹل مسٹر پلاؤ سے بریانی کا آرڈر دیا اور بریانی کھانے کے بعد رات بھر تمام افراد خاندان کو دست و قئے شروع ہوگئے ۔ جس کے باعث تمام افراد خاندان نے ایک پرائیوٹ ہاسپٹل سے رجوع ہوکر طبی امداد حاصل کی ۔ بتایا جاتا ہے کہ دوسرے دن ان افراد نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن عہدیداروں کو اس واقعہ کی اطلاع دیتے ہوئے شکایت کی اور اس شکایت کی بنیاد پر ڈپٹی کمشنر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن مسٹر ایم دیواکر راؤ نے اپنے اسٹاف کے ہمراہ ہوٹل مسٹر پلاؤ کا اچانک دورہ کر کے ہوٹل میں صحت و صفائی کا تفصیلی معائنہ کیا اور غذائی اشیاء کی تنقیح بھی کی ۔ اس تنقیح کے دوران ہوٹل میں صحت و صفائی کے ناقص انتظامات کے علاوہ سڑی گلی ترکاریوں اور گوشت وغیرہ کا پتہ چلا ۔ ہوٹل کی اس صورتحال پر شدید برہم ڈپٹی کمشنر جی ایچ ایم سی نے ہوٹل چلانے والے افراد کے نام نوٹس جاری کر کے 50 ہزار روپئے کا جرمانہ بھی عائد کیا ۔ اور مقررہ وقت پر جرمانہ کی رقم ادا نہ کرنے کی صورت میں ہوٹل کو مہر بند کردینے کی اپنے ماتحت اسٹاف کو ڈپٹی کمشنر نے ہدایات دیں ۔۔