جموں ۔12 فبروری۔( سیاست ڈاٹ کام ) جموں و کشمیر کے ضلع کٹھوعہ کے ایک بنکویٹ ہال میں ایک ویٹر کو گولی ماری گئی جب کہ مبینہ طورپر نشہ میں دھت مہمانوں کے گروپ کو ہوٹل کے کھانے پر غصہ آیا اور بحث و تکرار کے بعد ویٹر نشانہ بن گیا۔ عہدیداروں نے آج کہا کہ یہ واقعہ پیر کی شب لوگیٹ مور علاقہ میں پیش آیا جہاں ایک پارٹی کے دوران بعض مہمانوں نے جو ظاہر طورپر نشے میں تھے ، غذا پر ناراضگی میں تین چار راؤنڈ فائر کئے جس میں ویٹر زخمی ہوا۔ اُسے قریبی دواخانہ پہونچایا گیا جہاں وہ خطرے سے باہر بتایا جاتا ہے ۔ پولیس نے کہاکہ ملزمین وہاں سے فرار ہوگئے تھے ۔