حیدرآباد۔/22 فروری، ( سیاست نیوز) نامپلی کے علاقہ ریڈ ہلز میں کل رات دیر گئے اس وقت سنسنی پھیل گئی جب بعض اشرار نے ستارا ہوٹل و بیکری پر حملہ کرتے ہوئے توڑ پھوڑ مچائی اور نقد رقم بھی لوٹ لی۔ بتایا جاتا ہے کہ محمد یونس جو ستارا ہوٹل چلاتے ہیں کرایہ کے سلسلہ میں مالک مکان سریدھر سے تنازعہ چل رہا ہے اور یہ معاملہ عدالت میں بھی زیر التواء ہے۔ سریدھر نے مبینہ طور پر تنازعہ سٹی سیول کورٹ میں چلنے کے باوجود بھی اپنے ایک دوست سریکانت کو یہ بتایا کہ ان کا کرایہ دار ہوٹل خالی کرنے سے انکار کررہا ہے اور اسے سبق سکھایا جائے۔ اس سلسلہ میں سریکانت نے سات تا آٹھ حملہ آوروں کو کل رات دیر گئے ستارا ہوٹل بھیجا جہاں پر اچانک حملہ کرتے ہوئے وہاں پر توڑ پھوڑ مچائی اور فرنیچر کو نقصان پہنچایا گیا اور نقد رقم بھی لوٹ لی گئی۔ نامپلی پولیس کے مطابق اس سلسلہ میں محمد یونس نے پولیس سے شکایت درج کروائی ہے جس کے نتیجہ میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے 4 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ب