کھٹمنڈو ۔ 21 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) نیپال کے ایک ہوٹل میں ہندوستان سے جانے والے 15 سیاحوں کے ساتھ ایک ایسا المناک واقعہ پیش آیا ۔ کیرالا سے تعلق رکھنے والے 15 سیاحوں کے ہوٹل کے کمرے میں موجود ہیٹر سے نکلنے والی گیس ان کیلئے مہلک ثابت ہوئی۔ نیپال میں اس وقت سردی عروج پر ہے اور کمرے کو گرم رکھنے کیلئے ہیٹر جلایا گیا تھا لیکن انہیں معلوم نہیں تھا کہ ہیٹر انہیں گرم رکھنے کی بجائے ہمیشہ کیلئے ٹھنڈا کردے گا۔ 15 سیاحوں کے منجملہ آٹھ سیاح بشمول چار کم عمر بچے فوت ہوگئے۔ دریں اثناء پولیس سپرنٹنڈنٹ سشیل سنگھ راتھوڑ نے بتایا کہ تمام متاثرین کو فوری کھٹمنڈو کے ایک ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرس نے 8 افراد کو مردہ قرار دیا۔ دوسری طرف نیپال میں موجود ہندوستانی سفارتخانہ کے ذرائع نے بتایا کہ سفارتخانہ کے ایک خصوصی ڈاکٹر کو بھی ہاسپٹل روانہ کیا گیا تاکہ وہ ہندوستانی سیاحوں کے مؤثر علاج کو یقینی بناسکے لیکن آٹھوں سیاح جانبر نہ ہوسکے۔ 15 سیاحوں پر مشتمل یہ گروپ کیرالاسے پوکھارا کے سفر پر تھا۔