حیدرآباد ۔ 9 اکٹوبر (سیاست نیوز) نامپلی کے علاقہ میں ایک نوجوان کی مشتبہ موت کا واقعہ پیش آیا۔ 35 سالہ نوید ہوٹل کے ایک کمرے میں مشتبہ طور پر فوت ہوگیا۔ حبیب نگر پولیس نے اس واقعہ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ سب انسپکٹر حبیب نگر پولیس سائدلو نے بتایا کہ مہاراجہ ہوٹل میں نوید گذشتہ ڈھائی ماہ سے کرایہ پر تھا۔ نوید پرانے شہر کے علاقہ چندرائن گٹہ کا ساکن عبدالوحید کا بیٹا تھا۔ گذشتہ ایک سال سے نوید اپنے مکان سے دور ہوٹلوں میں رہتا تھا۔ کنسٹرکشن فیلڈ میں بھاری نقصان کے باعث نوید گھر سے علحدہ رہنے پر مجبور تھا۔ مکانات کی تعمیر اور خریدوفروخت کیا کرتا تھا اور اپنے بزنس کیلئے اس نے قرض حاصل کیا تھا۔ کاروبار میں بھاری نقصان کے بعد قرضداروں کے دباؤ سے پریشان ہوکر اس نے اپنا گھر چھوڑ دیا اور گذشتہ ایک سال سے ہوٹلوں میں رہنے پر مجبور تھا۔ مہاراجہ ہوٹل سے قبل وہ ایک اویو لاج میں تھا جہاں رقم ادا نہ کرنے کی صورت میں اسے لارج چھوڑنا پڑا۔ کل رات دیر گئے اس نے اپنے رشتہ دار سے بات کی تھی۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔