ویانا: آسٹریا میں واقع نازی لیڈر ایڈولف ہٹلر کی جائے پیدائش کو ایک تھانے میں تبدیل کرنے کے خلاف غم وغصے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ برلن میں رائش چانسلری کے بنکر میں ہٹلر کی خودکشی کے 78 سال بعد بھی اس کی جائے پیدائش کے استعمال کے بارے میں بحث و مباحثہ جاری ہیں۔ آسٹریا اپنے شہر ‘براؤناؤ آم اِن‘ میں واقع اس گھر کی شناخت کا مسئلہ حل کرنے کیلئے جدوجہد کر رہا ہے اور وہ اس نیو نازی زیارت گاہ سے چھٹکارا حاصل کرنا چاہتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اب وہاں ایک تھانہ قائم کیا جانا ہے لیکن اس کی بھی مزاحمت کی جا رہی ہے۔فلم ساز گْنٹر شوائیگر کہتے ہیں، “اس گھر کی پولیس اسٹیشن میں تبدیلی مکمل طور پر ایک غلط اشارہ ہے، یہ متاثرین کے منہ پر ایک طمانچہ ہے۔ 58 سالہ شوائیگر نے ہٹلر کی جائے پیدائش کے بارے میں “براؤناؤ سے کون ڈرتا ہے؟” کے عنوان سے ایک دستاویزی فلم بھی بنائی ہے۔