ہڑتالی آر ٹی سی قائدین سے عثمانیہ ہاسپٹل میں اپوزیشن قائدین کی ملاقات

   

اشواتما ریڈی اور راجی ریڈی کی حالت بگڑ گئی، حکومت سے فوری مداخلت کرنے کودنڈا رام کا مطالبہ
حیدرآباد ۔ 18 ۔ نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ جنا سمیتی کے صدر پروفیسر کودنڈا رام ، سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی اور تلنگانہ تلگو دیشم کے صدر ایل رمنا نے آج عثمانیہ ہاسپٹل پہنچ کر آر ٹی سی جے اے سی قائدین اشواتما ریڈی اور راجی ریڈی سے ملاقات کی۔ دونوں قائدین بھوک ہڑتال کی کوشش کے بعد پولیس کی جانب سے جبراً ہاسپٹل منتقل کردیئے گئے جہاں وہ بھوک ہڑتال جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اپوزیشن قائدین کی آمد کو دیکھتے ہوئے ہاسپٹل کے باہر سیکوریٹی کو سخت کردیا گیا۔ آر ٹی سی کے قائدین نے کمزوری کے باوجود علاج میں تعاون سے انکار کردیا۔ ڈاکٹرس نے کہا کہ اگر بھوک ہڑتال مزید جاری رہی تو دونوں قائدین کی حالت مزید بگڑ جائے گی ۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کودنڈا رام نے کہا کہ آر ٹی سی جے اے سی قائدین کی حالت کافی خراب ہوچکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جائز مطالبات کے لئے قیامگاہ پر بھوک ہڑتال کرنے والے قائدین کو پولیس کے ذریعہ ہاسپٹل منتقل کردیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ مسائل کے حل کیلئے دونوں قائدین سنجیدہ ہیں اور وہ کسی قسم کی دوائی قبول نہیں کر رہے ہیں۔ کودنڈا رام نے کہا کہ اگر بھوک ہڑتال جاری رہی تو دونوں قائدین کی زندگی کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے ۔ جے اے سی قائدین بلڈ پریشر اور شوگر کے مریض ہیں اور بھوک ہڑتال ان کی طبیعت مزید بگاڑ دے گی ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ آر ٹی سی قائدین کی حالت مزید بگڑنے سے پہلے ہی مداخلت کریں اور مذاکرات کا آغاز کریں۔ کودنڈا رام نے کہا کہ کل 19 نومبر کو سڑک بند احتجاج برقرار ہے جس میں تمام اپوزیشن اور عوامی تنظیموں کے قائدین اور کارکن حصہ لیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست بھر میں سڑکوں کو بند کردیا جائے گا۔ انہوں نے چیف منسٹر سے مطالبہ کیا کہ وہ ہٹ دھرمی کا رویہ ترک کریں اور مذاکرات کے ذریعہ مسئلہ کا حل تلاش کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عدالت کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔ تلگو دیشم صدر ایل رمنا نے کہا کہ صورتحال مزید بگڑنے سے قبل چیف منسٹر کو مداخلت کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہزاروں خاندان حکومت کے رویہ کے سبب سڑک پر آچکے ہیں۔