ہڑتالی آر ٹی سی ملازمین کا آج چلو ٹینک بینڈ

   

پولیس کی چوکسی ، ٹریفک تحدیدات ، جے اے سی قائدین گرفتار
حیدرآباد ۔ /8 نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ آرٹی سی کے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے /9 نومبر کو چلو ٹینک بینڈ پروگرام کے پیش نظر حیدرآباد پولیس نے چوکسی اختیار کرلی ہے اور جے اے سی کے اہم قائدین کے علاوہ اپوزیشن لیڈرس کو بھی احتیاطی گرفتاری کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے ۔ اس پروگرام کے پیش نظر حیدرآباد ٹریفک پولیس ٹریفک تحدیدات بھی عائد کئے ہیں ۔ چلو ٹینک بینڈ پروگرام کے اعلان کے بعد پولیس نے آج شام جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے اہم لیڈر راجی ریڈی اور سکندرآباد کے سابقہ کانگریس ایم پی انجن کمار یادو کو احتیاطی گرفتاری کے تحت آج رات ٹاسک فورس پولیس نے حراست میں لے لیا ۔ ہڑتالی آر ٹی سی بس کنڈکٹرس ، ڈرائیورس اور دیگر عملہ پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے اور انہیں بھی حراست میں لیا جارہا ہے ۔ اسی طرح سکیورٹی کے وسیع تر انتظامات کئے جارہے ہیں اور ٹینک بینڈ کے علاوہ اس کے اطراف و اکناف علاقوں میں بھاری پولیس فورس اور ریاپڈ ایکشن فورس کو بھی متعین کیا جارہا تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے ۔ چلو ٹینک بینڈ پروگرام کے پیش نظر حیدرآباد ٹریفک پولیس نے صبح 8 بجے تا شام 5 بجے تک ٹریفک تحدیدات عائد کئے ہیں جس میں سکندرآباد سے ٹینک بینڈ کی سمت آنے والی ٹریفک کا رخ کربلا میدان کواڑی گوڑہ چوراہا ، سی جی او ٹاورس اور مشیرآباد کی سمت کردیا جائے گا ۔ اسی طرح آر ٹی سی کراس روڈ سے اندرا پارک کی سمت جانے والی ٹریفک کا رخ اشوک نگر کی سمت کردیا جائے گا ۔ جبکہ تلگوتلی مجسمہ سے آنے والی ٹریفک کا رخ اقبال مینار اور رویندرا بھارتی کی سمت کردیا جائے گا ۔ حمایت نگر وائی جنکشن سے بشیرباغ کی سمت آنے والی ٹریفک کا رخ لبرٹی چوراہے کی سمت کردیا جائے گا ۔ جبکہ اولڈ ایم ایل اے کوارٹر سے بشیرباغ پی سی آر جنکشن کی سمت آنے والی ٹریفک کا رخ بی جے آر مجسمہ کی سمت کردیا جائے گا ۔ ایس بی ایچ گن فاؤنڈری سے آنے والی ٹریفک کا رخ کے ایل کے بلڈنگ کی سمت کردیا جائے گا ۔ خیریت آباد فلائی اوور سے آنے والی ٹریفک کا رخ منٹ کمپاؤنڈ کی سمت کردیا جائے گا ۔ ٹریفک پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ مذکورہ احتجاجی پروگرام اور ٹریفک تحدیدات کے پیش نظر شہریان متبادل راستے اختیار کریں تاکہ اپنے مقررہ مقامات پر بروقت پہونچ سکے ۔