ہڑتالی آر ٹی سی ملازمین کو چیف منسٹر کی دھمکی، کے سی آر کے زوال کی نشانی

   

چیف منسٹر کی پریس کانفرنس کے ریمارکس پر صدر تلنگانہ بی جے پی کے لکشمن کا ردعمل

حیدرآباد 3 نومبر (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ ریاستی بی جے پی ڈاکٹر کے لکشمن نے چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کی جانب سے تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے ہڑتالی ملازمین کو دی گئی دھمکیوں کو کے چندرشیکھر راؤ کے زوال کی نشانی سے تعبیر کیا۔ گزشتہ روز چیف منسٹر کی جانب سے پریس کانفرنس کے دوران بی جے پی کے خلاف کئے گئے ریمارکس پر ڈاکٹر لکشمن نے شدید ردعمل کا اظہار کیا اور کہاکہ درحقیقت کے سی آر زیرقیادت حکومت کے دن قریب آچکے ہیں۔ جس کی وجہ سے وہ بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر من مانی باتیں کررہے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ ہڑتالی آر ٹی سی ملازمین کی خودکشی واقعات چیف منسٹر عہدے پر فائز رہتے ہوئے چندرشیکھر راؤ کی جانب سے دی جانے والی دھمکیاں ہی اہم وجہ ہیں۔ صدر ریاستی بی جے پی تلنگانہ نے واضح طور پر کہاکہ مرکزی قوانین میں کہیں بھی آر ٹی سی کو خانگی شعبہ کے حوالہ کرنے کا تذکرہ نہیں ہے اور کہاکہ چیف منسٹر قوانین کے غلط حوالے دیتے ہوئے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ہے۔ انھوں نے کہاکہ ’’ڈیڈ لائن‘‘ مقرر کرنا ہی ہڑتالی آر ٹی سی ملازمین کو دھمکیوں کے ذریعہ خوف زدہ کرنا ہے۔ ڈاکٹر لکشمن نے بتایا کہ ریاست میں ٹی ایس آر ٹی سی کی جاری بس ہڑتال کی وجہ سے پائے جانے والے حالات سے مرکزی حکومت کو واقف کروایا گیا اور مرکزی وزیرداخلہ سے بھی چیف منسٹر کے سی آر کے آمرانہ اور ہٹ دھرمی کے رویہ سے واقف کروایا گیا۔ اور واضح طور پر کہاکہ چیف منسٹر چندرشیکھر راؤ کی ’’تاڑ کے پھڑوں‘‘ جیسی آوازوں سے بی جے پی ڈرنے اور گھبرانے والی نہیں ہے بلکہ اس کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور کوشش کرے گی۔ ڈاکٹر لکشمن نے ہڑتالی آر ٹی سی ملازمین سے چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کی دھمکیوں سے ہرگز خوف زدہ نہ ہونے اور دلبرداشتہ ہوکر خودکشی کے واقعات سے گریز کی اپیل کی۔