چیف منسٹر پر آر ٹی سی ملازمین کو دھمکیاں دینے کا الزام : اشواتما ریڈی
حیدرآباد ۔ 3 ۔ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) تلنگانہ ا سٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپو ر یشن (ٹی ایس آر ٹی سی ) کی جوائنٹ ایکشن کمیشن (جے اے سی) کے صدر اشواتما ریڈی نے کہا کہ ان کے مسائل کی یکسوئی کے لئے وہ بہت جلد مرکز سے رجوع ہوں گے اور صدر جمہوریہ سے مداخلت کی درخواست کی جائے گی ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے رویہ پر افسوس و مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے الزام عائد کیا کہ وہ ( کے سی آر) ملازمین کو دھمکیاں دے رہے ہیں جو ان کے بچوں جیسے ہیں۔ اشواتما ریڈی نے کہا کہ ’’بلا شبہ ہڑتال جاری رہے گی ۔ چیف منسٹر ملازمین میں اعتماد پیدا کرنے کے بجائے انہیں دھمکیاں دے رہے ہیں ۔ آپ ہمیں کہتے ہیں تو بچوں سے کیا ایسا ہی رویہ اختیار کیا جاتا ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ’’ مملکتی وزیر داخلہ کشن ریڈی سے ملاقات کر رہے ہیں اور اگر ضروری ہے تو صدر جمہوریہ سے بھی اس مسئلہ پر رجوع ہوں گے‘‘۔