نئی دہلی ۔ ہندوستانی پہلوانوں نے ریسلنگ میں میڈل جیتنے کا سلسلہ 2008 میں شروع کیا تھا۔ تب سے ہندوستانی پہلوانوں نے ہر اولمپکس میں ایک یا دو میڈلس جیتے ہیں۔ پچھلے 16 سالوں میں کشتی میں بھی ہندوستان کا غلبہ بڑھا ہے۔ بہت سے پہلوان کامیابی کے ساتھ سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے اولمپکس، ورلڈ چمپئن شپ اور ایشین گیمز جیسے بڑے پلیٹ فارمز پر ہندوستان کا نام روشن کیا ہے۔ پیرس اولمپکس میں ہندستان کی نمائندگی کے لیے چھ پہلوان گئے تھے لیکن صرف امان سہراوت ہی میڈل جیتنے میں کامیاب ہوئے۔ جبکہ ونیش پھوگاٹ کو 100 گرام زیادہ وزن ہونے کی وجہ سے نااہل قرار دیا گیا تھا حالانکہ وہ گولڈ میڈل مقابلے میں رسائی حاصل کرچکی تھی اور فائنل میں شکست پر بھی انہیں سلور میڈل ضرور ملتا۔ اس کے علاوہ باقی 4 ریسلرز میڈل راؤنڈ تک نہیں پہنچ سکے۔ ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا (ڈبلیو ایف آئی) کے صدر سنجے سنگھ ، پہلوانوں کی اس مایوس کن کارکردگی سے کافی ناراض دکھائی دے رہے ہیں۔ انہوں نے مایوس کن مظاہروں کو ملک میں پہلوانوں کی ہڑتال کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ انڈین ریسلنگ اسوسی ایشن کے صدر سنجے سنگھ نے اسپورٹس کیڈا کو دیے گئے انٹرویو میں برونز میڈل جیتنے والے امان سہراوت کی تعریف کی۔ تاہم اس دوران انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ پیرس اولمپکس میں ہندوستانی پہلوانوں کی کارکردگی سے خوش نہیں ہیں، کیونکہ ڈبلیو ایف آئی کوکم ازکم 5 میڈلس کی توقع تھی۔ سنجے سنگھ کے مطابق پہلوان بہت اچھی منصوبہ بندی کر رہے تھے اور سب کچھ ٹھیک چل رہا تھا لیکن برج بھوشن سنگھ کے خلاف جنسی ہراسانی کے معاملے پر ہونے والے احتجاج نے تیاریوں کو پٹڑی سے اتار دیا۔ جس کی وجہ سے میڈل جیتنے کا موقع چھین لیا گیا۔ ریسلنگ اسوسی ایشن کے صدر نے براہ راست کسی کا نام نہیں لیا لیکن ان کا بیان ونیش پھوگاٹ کی طرف اشارہ کرتا ہے۔ کئی پہلوانوں نے جنتر منتر پر وینیش، ساکشی ملک اور بجرنگ پونیاکی قیادت میں احتجاج کیا۔ انہوں نے 5 میڈلس کا دعویٰ کیا، جس کا مطلب ہے کہ اس ہڑتال کی وجہ سے ہندوستان نے 4 میڈلس گنوائے۔ سنجے سنگھ کا یہ بھی ماننا ہے کہ قسمت نے بھی ہندوستان کا ساتھ نہیں دیا۔ ان کے اس بیان نے پورے ملک میں سنسنی پیدا کردی ہے۔ سنجے سنگھ نے فائنل میچ سے قبل نااہلی کے لیے ونیش پھوگاٹ کو ذمہ دار ٹھہرایا۔ انہوں نے کہا کہ وزن برقرار رکھنا کسی بھی ریسلرکی ذاتی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ونیش نے جو بھی سہولتیں مانگی تھیں وہ سب کچھ انہیں فراہم کیا گیا تھا۔