سپریم کورٹ کی ہدایت ۔ سرمایہ کاروں کو بڑی راحت ۔ کمپنی بھی تعاون کرنے تیار
حیدرآباد 26 مارچ ( سیاست نیوز ) ہیرا گروپ کے سرمایہ کاروں کو بڑی راحت دیتے ہوئے سپریم کورٹ نے سیریس فراڈ انوسٹیگیشن آفس کو ہدایت دی ہے کہ وہ ہیرا گولڈ ایگزم ( ہیرا گروپ ) کی جائیدادوں کو ہراج کرتے ہوئے سرمایہ کاروں کی رقومات واپس کرے ۔یہ احکام جاری کرکیہوئے جسٹس سنجے کشن کول نے کہا کہ اب جائیدادوں کی فروخت کو اولین نشانہ بنایا جانا چاہئے ۔ جسٹس کول نے واضح کیا کہ معاشی جرائم میں اور خاص طور پر ایسے معاملات جہاں بڑی تعداد میں سرمایہ کار ہوں ‘ وہاں اصل مقصد یہ ہونا چاہئے کہ سرمایہ کاروں کی رقم انہیں واپس ملے ۔ انہوں نے اڈیشنل سالیسیٹر جنرل راجو سے کہا کہ وہ سرمایہ کاروں کے دعوی اور جائیدادوں کی نشاندہی میں کمپنی کی مدد لیں اور مسئلہ کی یکسوئی کی جائے ۔ ہیرو گروپ کے وکیل نے ایک بار پھر عدالت کو مطلع کیا کہ جب تک جائیدادوں کو شفاف انداز میں اور واجبی مارکٹ قیمت پر فروخت کیا جائیگا اسے کوئی اعتراض نہیں ہے ۔ کمپنی کی 87جائیدادوں کو قرق کیا گیا ہے ۔ کمپنی نے کہا کہ وہ جائیدادوں کی فروخت میں مدد کرنے تیار ہے ۔اڈیشنل سالیسیٹر جنرل نے ایک رپورٹ پڑھتے ہوئے بتایا کہ جملہ 6022 افراد نے رقومات کیلئے دعوی پیش کیا ہے ۔ سپریم کورٹ نے تلنگانہ اسٹیٹ فارنسک لیباریٹری کو بھی ہدایت دی کہ وہ سرمایہ کاروں کی تفصیل جلد از جلد اکٹھا کرنے میں تعاون کرے کیونکہ اب تک تین سال کا عرصہ ہوگیا ہے ۔ اڈیشنل سالیسیٹر جنرل نے کہا کہ ہیرا گروپ کی جانب سے اپنے ٹکنیکل اسٹاف کو مدد کیلئے مقرر کیا جاسکتا ہے ۔ کمپنی نے اندرون تین دن یہ اسٹاف فراہم کرنے کا تیقن دیا ۔ ہیرا گولڈ ایگزم پرائیوٹ لمیٹیڈ سونے کی تجارت کرتی ہے اور عوام سے 36 فیصد منافع کے وعدہ پر رقومات لی گئی تھیں۔ کمپنی منافع و اصل رقم واپس کرنے میں ناکام ہوگئی تو سرمایہ کاروں نے سی سی ایس میں شکایت درج کروائی تھی ۔ کمپنی ایم ڈی نوہیرا شیخ کو اکٹوبر 2018 میں گرفتار کیا گیا تھا اور جنوری 2021 کو عبوری ضمانت پر رہا کیا گیا تھا اور شرط عائد کی گئی تھی کہ وہ سرمایہ کاروں کی رقومات واپس کریں گی ۔