ہیروئین رمبھا کارحادثہ میں بال بال بچ گئی

   


اوٹاوا۔بالی اور ٹالی ووڈ کی سابق سوپر اسٹارو معروف اداکارہ رمبھا سڑک حادثے میں بال بال بچ گئیں جبکہ ان کی بیٹی دواخانہ میں زیر علاج ہے۔ سوشل میڈیا پر اس معاملے کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے رمبھا نے حادثہ کی تصاویر شائع کیں ہیں ۔ رمبھا کا خاندان اس وقت کینیڈا میں مقیم ہے۔ مقامی وقت کے مطابق پیرکی شام کو رمبھا اپنے بچوں کو اسکول سے گھر لے جا رہی تھی کہ ان کی کارکو دوسری گاڑی نے ٹکر دے دی۔ اداکارہ نے کہا ہیکہ وہ سب اس حادثہ میں بچ گئی لیکن ان کی چھوٹی بیٹی ساشا زخمی ہونے کی وجہ سے دواخانہ میں زیر علاج ہے۔ حادثے کے وقت کار میں رمبھا، ان کے بچے اور آیا بھی موجود تھی۔ گاڑی میں موجود ایر بیگ کھلنے کی وجہ سے بڑا حادثہ ٹل گیا۔یاد رہے کہ رمبھا کی چند اہم فلموں میں سلمان خان کے ساتھ جڑواں اور بندھن بھی شامل ہیں جبکہ وہ تلگو میں اپنی وقت کی نمبر ون ہیروئنز میں شمار ہوتی تھی ۔علاوہ ازیں ان کی شکل انجہانی دیویا بھرتی سے ملتی جلتی ہے جو انکی شہرت کی ایک اور وجہ رہی ۔