نیویارک۔دنیا کے بیشتر حصوں میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے فیس ماسک کا استعمال لازمی قرار دیا جاچکا ہے۔ویسے تو ماہرین نے کہا ہے کہ گھر میں بنا کپڑے کا فیس ماسک بی کورونا وائرس کی روک تھام میں موثر ثابت ہوسکتا ہے لیکن کچھ افراد کو کم قیمت ماسک زیادہ پسند نہیں ہوتے۔خاص طور پر آرٹ کے ایک دلداہ فرد نے دنیا کا مہنگا ترین فیس ماسک خاص طور پر تیار کروایا ہے۔اس وقت جب دنیا کی بیشتر آبادی کووڈ 19 کے نتیجے میں بیروزگاری کا شکار ہے لیکن اس فرد نے اپنے تحفظ کے لیے 15 لاکھ ڈالرز فیس ماسک پر خرچ کئے ہیں۔ یہ فیس ماسک 18 کیرٹ سونے سے تیار ہوا ہے جبکہ اس کی سجاوٹ کے لیے 36 سو سیاہ اور سفید ہیرے استعمال ہوئے ہیں۔یاول جیولری برانڈ نے اسے تیار کیا ہے اور اس سے تعلق رکھنے والے آئزک لیوی نے کہا ہے کہ ماسک میں این 99 فلٹر فٹ کیا گیا ہے تاکہ صارف کو کورونا وائرس کے خلاف بہترین تحفظ مل سکے۔انہوں نے صارف کا نام بتانے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ وہ امریکہ میں مقیم ایک چینی آرٹ کلکٹر ہے۔