ہیروں کی تلاش کا جنون۔ ہزاروں افراد کا کرنول کا رخ

   

حیدرآباد:10جولائی (یو این آئی) اے پی کرنول ضلع کے مڈی کِیرو اور تگّلی منڈلوں کے مختلف دیہاتوں میں حالیہ دنوں میں ہیرے ملنے کی اطلاعات کے بعد ریاست کے ہر کونے سے ہزاروں افراد پہنچ رہے ہیں۔ مغربی گوداوری، راجمندری، اونگول، نیلور، پرکاشم، کڈپہ، اننت پور، تاڑی پتری اور کرناٹک کے بیلاری جیسے علاقوں سے لوگ ہیروں کی تلاش میں یہاں کا رخ کر رہے ہیں۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ ان میں سے بیشتر کی عمر 60 سال سے زیادہ ہے اور ان میں وہ بھی شامل ہیں جو اپنے خاندان کی بے رخی اور مالی بحران کا شکار ہیں۔ انہیں امید ہے کہ اگر ایک بھی قیمتی ہیرہ ہاتھ آ جائے تو ان کی ساری زندگی کی مصیبتیں ختم ہو جائیں گی۔ اسی امید میں یہ افراد مقامی مندروں، سرکاری اسکولوں، دھرم شالاؤں وغیرہ میں قیام کرتے ہوئے دن رات ہیروں کی تلاش میں مصروف ہیں۔ان ہزاروں کی تعداد میں آئے افرادکی وجہ سے مقامی کسان شدید پریشانی میں مبتلا ہو چکے ہیں۔ کسانوں نے شکایت کی ہے کہ ہیرے کی تلاش کے بہانے ان کی زرعی اراضیات پر دھاوا بولا جا رہا ہے ، کھیتوں کو کھود کر برباد کر دیا جا رہا ہے جس سے فصلوں کو نقصان ہو رہا ہے ۔