ہیرو بننے کی کوشش میں عاشق ویلن بن گیا

   

اپنی محبوبہ سے بات کرنے والے نوجوان پر دیگر تین دوستوں کے ساتھ بے رحمانہ حملہ
حیدرآباد۔/21 نومبر، ( سیاست نیوز) ایک عاشق نے اپنی محبوبہ سے بات کرنے والے نوجوان سے دشمنی کرکے ہیرو بننے تین دوستوں کے ساتھ نوجوان کی فلمی انداز میں بے رحمانہ پٹائی کردی مگر اس کی ویڈیو سوشیل میڈیا میں وائرل ہونے کے بعد وہ ویلن بن گیا۔ پولیس نے عاشق اور تین دوستوں کو حراست میں لیا اور مقدمہ درج کیا ۔ تحقیقات کا آغاز کردیا۔ یہ واقعہ پڑوسی آندھرا پردیش کے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کوناسیما ضلع کے ملکی پورم میں پیش آیا۔ پولیس نے بتایا کہ ایک نوجوان جس لڑکی سے محبت کرتا تھا اس سے بات کرنے والے ایف ڈی ٹی جونیر کالج میں انٹر سیکنڈ ایر کے طالب علم کا دشمن بن گیا۔ 5 نومبر کو عاشق نے اپنے تین دوستوں کے ساتھ اس نوجوان کو مقامی سنیما ہال کے پیچھے طلب کیا اور اس پر بے رحمانہ حملہ کیا، جھاڑ سے باندھ کر اس کے کپڑے پھاڑ دیئے گئے۔ فلمی انداز میں اُچھل کود کرکے نوجوان پر حملہ کیا گیا ۔ متاثرہ نوجوان کو ویڈیو میں نہ مارنے کی منت و سماجت کرتے دیکھا گیا مگر حملہ آوروں نے کوئی رحم نہیں کیا۔ تمام حملہ آور اسی کالج میں فرسٹ ایر کی تعلیم کے بعد ترک تعلیم کرچکے ہیں۔ حملہ آوروں نے نوجوان پر کئے گئے حملہ کی ویڈیو 19 نومبر کو سوشیل میڈیا پر شئیر کی جو تیزی سے وائرل ہوگئی۔ بتایا گیا کہ حملہ آور اور متاثرہ سب نابالغ ہیں۔ متاثرہ طالب علم کے والد کی شکایت پر پولیس نے 4 حملہ آوروں کے خلاف مقدمہ درج کرکے حراست میں لے لیا اور مزید تحقیقات کا آغاز کردیا۔2