ہیری بروک آئی پی ایل سے دستبردار

   

لندن: انگلینڈ کے اسٹار بیاٹر ہیری بروک نے انٹرنیشنل کرکٹ پر توجہ مرکوز کرنے کیلئے آنے والے انڈین پریمیئر لیگ سے اپنا نام واپس لے لیا ہے ۔ یہ متواتر دوسری بار ہے جب وہ اس فرنچائز ٹورنامنٹ سے دستبردار ہوئے ہیں۔ انگلینڈ کے 26سالہ بروک نے سوشل میڈیا پر یہ معلومات شیئر کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس سال دہلی کیپٹلز کیلئے نہیں کھیلیں گے ۔ انہوں نے لکھا کہ میں نے آئی پی ایل سے اپنا نام واپس لینے کا بہت مشکل فیصلہ لیا ہے ۔ میں دہلی کیپٹلس اور ان کے حامیوں سے غیر مشروط معافی مانگتا ہوں۔ بچپن سے میں نے اپنے ملک کیلئے کھیلنے کا خواب دیکھا اور میں اس سطح پر کھیلنے کا موقع پاکر بہت شکر گزار ہوں۔ میں نے اس فیصلے پر سنجیدگی سے غور کرنے ان لوگوں کی رہنمائی حاصل کی جن پر مجھے اعتماد ہے ۔ یہ انگلینڈ کرکٹ کیلئے واقعی اہم وقت ہے اور میں آئندہ سیریز کی تیاری کیلئے پوری طرح پرعزم رہنا چاہتا ہوں۔