ہیلتھ انفراسٹرکچر کیلئے 15,000 کروڑ کا پیاکیج

   

نئی دہلی ۔ 9 اپریل (سیاست ڈاٹ کام)حکومت نے جمعرات کو 15,000 کروڑ روپئے کے مالی پیاکیج کا اعلان کیا تاکہ مجموعی طور پر نگہداشت صحت کے انفراسٹرکچر میں بہتری لائی جاسکے اور عالمی وباء کورونا وائرس سے نمٹنے میں مدد ملے جس میں ملک بھر میں تقریباً 6,500 افراد کو متاثر کیا اور کم از کم 196کی جان لے لی ہے۔ حکومت نے کہا کہ اس پیاکیج میں سے 7,774 کروڑ روپئے کی رقم وباء سے نمٹنے کے فوری اقدامات کیلئے استعمال کی جائے گی جبکہ بقیہ رقم وسط مدتی (ایک تا چار سال) مشن کے تحت کام میں لائی جائے گی۔ وزارت صحت نے ایک بیان میں کہا کہ پیاکیج کے کلیدی مقاصد میں کووڈ۔ 19 کے تیزی سے پھیلاؤ کو محدود کرنے کیلئے درکار ایمرجنسی اقدامات کرنا، ڈائیگناسٹکس کو فروغ دینا اور علاج کی سہولتوں میں بہتری لانا شامل ہے۔ مالی پیاکیج کا اعلان ایسے وقت ہوا ہے جبکہ کئی ریاستیں اس وائرس سے متاثرہ لوگوں کی بڑھتی تعداد کیلئے ہیلتھ کیر کی فراہمی میں پریشان ہیں۔ (متعلقہ خبر صفحہ 3 پر)