اعلیٰ سطحی تحقیقات کا مطالبہ، جی نارائن ریڈی کا بیان
حیدرآباد: کانگریس پارٹی نے ہیلت کیر ورکرس کو ناقص معیار کے پی پی ای کٹس فراہم کرنے پر سخت احتجاج کیا ہے ۔ پارٹی کے خازن جی نارائن ریڈی نے حکومت سے اس معاملہ کی جانچ کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا سے مقابلہ کرنے والے ہیلت کیر ورکرس کی زندگی سے کھلواڑ کیا جارہا ہے جو عدم احتیاط کی صورت میں کورونا کا شکار ہوسکتے ہیں ۔ ڈاکٹرس اور ہیلت ورکرس کے لئے احتیاطی اقدامات میں تساہل پر نارائن ریڈی نے کہا کہ گزشتہ تین ماہ میں 2000 سے زائد ہیلت ورکرس بشمول ڈاکٹرس کورونا کا شکار ہوئے اور 14 کی موت واقع ہوئی۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ان ہلاکتوں کے لئے راست طور پر ذمہ دار ہے کیونکہ حکومت ڈاکٹرس اور ہیلت کیر ورکرس کے تحفظ میں ناکام ہوچکی ہے ۔ نارائن ریڈی نے کہا کہ مرکزی وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق تلنگانہ کووڈ پازیٹیو کیسس میں سر فہرست ہے۔ 18 فیصد ہیلت کیر ورکر کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔ مہاراشٹرا میں 16 فیصد اور دہلی میں 14 فیصد ہیلت کیر ورکرس متاثر ہوئے ہیں ۔ وزیر صحت اور چیف منسٹر کو وضاحت کرنی چاہئے کہ تلنگانہ میں ڈاکٹرس اور نیم طبی عملہ کے متاثر ہونے کی کیا وجوہات ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ درکار تعداد میں پی پی ای کٹس سربراہ نہیں کئے گئے اور بعض مقامات پر ناقص معیار کے کٹس سربراہ کئے گئے ۔ انہوں نے ناقص کٹس کی خریدی کے ذمہ داروں کے خلاف مقدمات درج کرنے اور اس معاملہ کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔