ہیلت پروفائل پراجکٹ کا ہریش راؤ نے کیا آغاز

   

عوامی صحت کی تفصیلات اکٹھا کرنے والی تلنگانہ ملک کی واحد ریاست
حیدرآباد ۔ 5 مارچ (سیاست نیوز) ریاستی وزیرصحت ٹی ہریش راؤ نے تلنگانہ حکومت کی ایک اور باوقار اسکیم ’’ہیلت پروفائل‘‘ کا ضلع ملگ سے آغاز کیا اور کہا کہ سارے ملک میں تلنگانہ واحد ریاست ہے جس نے عوامی صحت کا طبی ریکارڈ رکھنے کیلئے قدم اٹھایا ہے۔ اس سے ٹی آر ایس حکومت کی غریب عوام کو طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے دلچسپی کا اظہار ہوتا ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ریاست میں 18 سال مکمل کرنے والے تمام افراد کا ہیلت پروفائل تیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس پروگرام کیلئے ریاست کے 2 اضلاع ملگ اور راجنا سرسلہ کا پائلیٹ پراجکٹ کے تحت انتخاب کیا گیا ہے۔ ملگ ضلع کلکٹریٹ میں اس پراجکٹ کا آغاز کیا گیا۔ اس موقع پر ریاستی وزراء ای دیاکر راؤ، ستیہ وتی راٹھور بھی موجود تھے۔ اس سے قبل ضلع ہیڈکوارٹر ہاسپٹل کی تعمیر کیلئے عمارت کا سنگ بنیاد رکھا گیا۔ ریڈیالوجی لیاب، بچوں کے وارڈ کی تعمیر کا بھی سنگ بنیاد رکھا گیا۔ ہریش راؤ نے بتایا کہ طبی عملہ گھر گھر پہنچ کر ہر فرد کی طبی معلومات حاصل کریں گے۔ ہر فرد کا ایک آئی ڈی نمبر دیا جائے گا۔ ان سے نمونے حاصل کرتے ہوئے 30 اقسام کے ڈائگناسٹک ٹسٹ کئے جائیں گے۔ نتائج کی بنیاد پر کوئی طبی مسائل نہیں تو اس کے علاج کا آغاز کیا جائے گا۔ تمام تفصیلات کو آن لائن میں دستیاب رکھا جائے گا۔ یہ طبی معلومات مستقبل میں معاون ثابت ہوں گے۔ موروثی متاثرین کی شناخت اور اس کے علاج میں سہولت ہوگی۔ کینسر جیسے مرض کا ابتدائی مرحلہ میں نشاندہی کرتے ہوئے علاج کیا جائے گا۔ خون کی کمی و دیگر امراض کا مؤثر علاج کیا جائے گا۔ وزیرصحت نے بتایا کہ ضلع ملگ میں 18 سال مکمل کرنے والے 2 لاکھ 18 ہزار 852 افراد ہیں۔ ہر ایک کے ہیلت پروفائل میں امراض کی تفصیلات کو درج کیا جائے گا۔ خون اور پیشاب کے نمونوں کا پرائمری ہیلت سنٹرس میں ٹسٹ کیا جائے گا۔ ہر شخص کا آدھار نمبر، گھر کا پتہ حاصل کرتے ہوئے علحدہ نمبر الاٹ کیا جائے گا جس میں تمام تفصیلات درج رہیں گی۔ ہریش راؤ نے کہا کہ اس طرح کی ہیلت پروفائل اسکیم ملک بھر میں کہیں بھی نہیں ہے۔ تلنگانہ کے اسکیمات کی مرکزی حکومت نقل کررہی ہے۔ شوگر اور بی پی کے مریضوں کو ماہانہ گھروں پر مفت ادویات فراہم کی جائیں۔ ترقی کے معاملے میں تلنگانہ ملک کیلئے مثالی ریاست ثابت ہورہی ہے۔ن