ہیلت کیر ڈیجیٹلائیزیشن کی تکمیل کیلئے اسٹونیا سے تعاون کا حصول

   

سائبر سیکوریٹی اور دیگر شعبہ جات کی نشاندہی ، اسٹونیا کے سفیر کی ریاستی وزیر سریدھر بابو سے ملاقات
حیدرآباد ۔ 25 ۔ جولائی (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی ڈی سریدھر بابو نے ڈیجیٹل گورننس اور ہیلت کیر ڈیجٹلائیزیشن کے شعبہ میں اسٹونیا (Estonia) سے تعاون حاصل کرنے سے اتفاق کیا ہے۔ اسٹونیا کی سفیر برائے ہند مرجی لوپ نے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی سریدھر بابو سے ملاقات کی ۔ ریاستی وزیر نے اسٹونیا میں ہیلت ریکارڈ کے صد فیصد ڈیجٹلائیزیشن کی ستائش کی اور کہا کہ اسٹونیا ڈیجٹل انفراسٹرکچر میں مثالی ترقی کرچکا ہے۔ انہوں نے تلنگانہ کے لئے اسٹونیا کے ماہرین کے تجربات اور مشوروں کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہیلت ڈیٹا ڈیجٹلائیزیشن میں تلنگانہ ابتدائی مرحلہ میں ہے۔ اس کام میں اسٹونیا کی مدد حاصل کی جائے گی۔ اسٹونیا کے وفد میں مختلف ماہرین شامل تھے جنہوں نے ریاستی وزیر کو اپنے تجربات سے واقف کرایا۔ انفارمیشن اینڈ کمیونکیشن ٹکنالوجی ، آرٹیفشل انٹلیجنس ، روبوٹیکس اور ہیلت کیر کے شعبہ جات میں اسٹونیا نے غیر معمولی پیشرفت کی ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان ٹکنالوجی کے تبادلہ سے اتفاق کیا گیا۔ سریدھر بابو نے کہا کہ ای گورننس کے ذریعہ شفاف اور موثر نظم و نسق کے ذریعہ عوامی خدمات کو بہتر بنایا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سائبر سیکوریٹی کے شعبہ میں اسٹونیا کے ساتھ تلنگانہ باہمی تعاون کا خواہاں ہے۔ فوڈ پروسیسنگ اور دیگر شعبہ جات میں سریدھر بابو نے سرمایہ کاری اور باہمی تعاون کا پیشکش کیا۔ تلنگانہ کے سینئر عہدیدار عنقریب اسٹونیا کا دورہ کریں گے ۔ اسٹونیا کے سفیر نے ریاستی وزیر کو ستمبر میں دورہ کی دعوت دی۔1