ہیلمٹ نہ پہننے پر پولیس ملازمین کی ویڈیووائرل

   

حیدرآباد: ہیلمٹ نہ پہننے پرعموما پولیس کی جانب سے موٹرسائیکل سواروں کی تصویر کشی کرتے ہوئے ان پر جرمانہ عائد کیاجاتا ہے تاہم ایک شخص نے ہیلمٹ کا استعمال نہ کرنے پر پولیس ملازمین کی ویڈیو لیتے ہوئے ان سے ہیلمٹ نہ پہننے کی وجہ دریافت کی۔اس نے کہا کہ جب کوئی عام شہری بغیر ہیلمٹ گاڑی پر جاتا ہے تو اس پر چالان کیاجاتا ہے اور یہ چالان عائد کرنے والے ملازمین پولیس ہی بغیر ہیلمٹ جارہے ہیں۔یہ واقعہ تلنگانہ کے بھدرادری کتہ گوڑم میں پیش آیا۔تفصیلات کے مطابق ضلع کے ایلندو میں ہیلمٹ نہ پہنتے ہوئے پولیس ملازمین جارہے تھے۔
اس نوجوان نے ان کو روک کر ان کی ویڈیو گرافی کی اور پوچھا کہ ہیلمٹ پہننا ان کی ذمہ داری ہے یا نہیں؟اس نوجوان نے یہ بھی دریافت کیا کہ جب پولیس ملازمین ہی قواعد کی خلاف ورزی کررہے ہیں تو پھر عام آدمی پر کس طرح جرمانہ عائد کیاجارہا ہے ؟اس واقعہ پر ملازمین پولیس کو شرمندگی اٹھانی پڑی۔