نائب صدر جمہوریہ کا اپنے کئی پرانے ساتھیوں کو فون
حیدرآباد8مئی (سیاست نیوز )ہیلو دوست۔سب خیریت سے ہیں نا؟ کیاکررہے ہو۔گھروالے سب ٹھیک ہیں نا؟ اے پی اور تلنگانہ کے کئی مقامات پر نائب صدر جمہوریہ نے اپنے پرانے ساتھیوں کے ساتھ ساتھ ان کی جانب سے چلائے جانے والے سورنا بھارتی ٹرسٹ میں کام کرنے والوں کوفون کیا اور ان تمام افراد کی خیریت دریافت کی۔وہ کورونا وائرس کے سبب گھروں میں ہی محدود رہنے والوں کو صحت کاخیال رکھنے کامشورہ دے رہے ہیں۔وینکیا نائیڈو کے ساتھ ساتھ ان کی اہلیہ اوشماں نے بھی کئی رشتہ داروں، دوستوں کو بھی فون کرکے خیریت دریافت کی۔یہ فون کا سلسلہ چند دن سے چل رہا ہے ۔دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور اے پی کے علاوہ دہلی،چینئی،ملک کے مختلف شہروں میں مقیم نائیڈو اپنے پرانے ساتھیوں،رشتہ داروں،قریبی صحافیوں کوفون کرتے ہوئے ان کی خیریت دریافت کررہے ہیں۔بتایاگیا ہے کہ نائیڈو نے اب تک تمام اراکین پارلیمنٹ سے فون پر ربط پیداکرتے ہوئے لاک ڈاون کے دوران ان کی خیریت دریافت کی۔اب تک سینکڑوں افراد کی انہوں نے خیرخیریت دریافت کی۔وشاکھاپٹنم ضلع میں ڈسٹرکٹ کواپرپیٹیو سنٹرل بینک کے سابق چیرمین ہیماریڈی،شیام سندر ریڈی سے بھی انہوں نے بات کی۔حال ہی میں وینکیانائیڈو نے تلنگانہ کے نارائن پیٹ میں اپنے پرانے ساتھی کو بھی فون کرتے ہوئے ان کی خیریت معلوم کی تھی۔
