ہیلپ لائین نمبر 112 کی قومی سطح تک توسیع:کشن ریڈی

,

   

دہلی میں تجرباتی بنیاد پر نمبر کا آغاز، ہنگامی خدمات کیلئے ڈائل کریئے
حیدرآباد ۔ 26 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) مملکتی وزیر داخلہ جی کشن ریڈی نے آج کہا کہ دارالحکومت دہلی میں ایمرجنسی ہیلپ لائین نمبر 112 کا آغاز کیا گیا ہے ۔ اس نمبر کو بہت جلد ملک کے دیگر علاقوں تک توسیع دی جائے گی۔ دہلی میں اس کا آغاز تجرباتی بنیادوں پر کیا گیا ہے۔ ہم اس نمبر کو قومی سطح پر لانے کا منصوبہ بنارہے ہیں۔ 112 نمبر پر ڈائل کرنے سے ہنگامی خدمات فراہم کئے جائیں گے۔ پولیس ، ایمبولنس ، فائر اور پریشان ہونے والی خواتین مدد کیلئے 112 ڈائل کرسکتی ہیں۔ کشن ریڈی نے چہارشنبہ کو دہلی میں واحد ایمرجنسی ہیلپ لائین نمبر 112 کا افتتاح کیا ۔ یہ نمبر فوری امداد پہنچانے کیلئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ ہیلپ لائین نمبرس جیسے 100 ، 101 اور 102 کو دھیرے دھیرے ہٹالیا جائے گا اور اس کی جگہ صرف ایک ہی نمبر 112 کو مقبول بنایا جائے گا ۔ اس پر ڈائل کر کے ہر طرح کی خدمات حاصل کی جاسکتی ہے ۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہلی میں جرائم کی شرح میں بتدریج کمی آرہی ہے۔ سابق برسوں کے مقابل جرائم کم ہوگئے ہیں۔ پولیس کو عصری تقاضوں سے آراستہ کرتے ہوئے چوکس کردیا گیا ہے ۔ نیم فوجی دستوں کو سی آر پی ایف کی خطوط پر ترقی دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ کی جانب سے مختلف ریاستوں کے ریٹائرڈ ڈائرکٹر جنرل پولیس کی ایک ٹیم تشکیل دی جائے گی ۔ یہ ٹیم حکومت کو مشورہ دے گی کہ پولیس فورس کو کس طرح مضبوط بنایا جائے۔ روہنگیاؤں کے بارے میں کشن ریڈی نے کہا کہ حکومت تلنگانہ نے پہلے ہی یہ رپورٹ دی ہے کہ حیدرآباد میں زائد از 6000 میانمار کے تارکین وطن مقیم ہیں۔ جموں و کشمیر کے بعد بے گھر ہونے والوں کی یہ دوسری بڑی آبادی ہے۔ یہ لوگ یہاں پر گزشتہ 10 سال سے مقیم ہیں۔ آخر انہیں کون لایا ؟ ہم انہیں پناہ دے رہے ہیں۔ ان تمام سوالوں کا جواب تلاش کرنا ضروری ہے ۔ وزارت داخلہ کی جانب سے ملک بھر میں رہنے والے روہنگیائی مسلمانوں کی تعداد کا پتہ چلایا جارہا ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی کو بابائے ہند قرار دینے صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ کے خلاف مجلسی صدر اسد الدین اویسی ریمارکس کے تعلق سے پوچھے جانے پر کشن ریڈی نے کہا کہ حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ بین الاقوامی مسائل پر بات کرنے کیلئے بہت چھوٹے ہیں۔