ہیمنت سورین سمیت 100 سے زائد امیدواروں کی نامزدگی داخل

   

جھارکھنڈ اسمبلی انتخابات

رانچی :جھارکھنڈ میں اسمبلی انتخاب کے پیش نظر سرگرمیاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ آج مختلف سیاسی پارٹیوں کے 100 سے زائد امیدواروں نے اپنا پرچۂ نامزدگی داخل کیا جس کے سبب متعلقہ علاقوں میں خوب ہلچل دیکھنے کو ملی۔ شہروں سے لے کر قصبوں تک پورے دن ریلیوں اور اجلاس کا سلسلہ جاری رہا۔ 4 ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اور تین مرکزی وزراء سمیت کئی سرکردہ لیڈروں نے اپنی اپنی پارٹیوں اور اتحادی امیدواروں کی حمایت میں عوام سے ووٹ مانگے۔جمعرات 24 اکتوبر کو جن اہم امیدواروں نے اپنا پرچۂ نامزدگی داخل کیا ان میں جے ایم ایم کی طرف سے صاحب گنج ضلع کی برہیٹ سیٹ سے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین، نالا سیٹ سے اسمبلی اسپیکر رویندرناتھ مہتو، گانڈے سیٹ سے کلپنا سورین اور رانچی سیٹ سے راجیہ سبھا رکن مہوا ماجی شامل ہیں۔ بی جے پی کی طرف سے بوکارو ضلع کی چندن کیاری سیٹ سے اسمبلی میں قائد حزب اختلاف امر کمار باؤری، رانچی سیٹ سے سابق اسمبلی اسپیکر اور سابق وزیر چندریشور پرساد سنگھ، پوٹکا سے ارجن منڈا کی بیوی میرا منڈا، جمشیدپور مشرق سیٹ سے اڈیشہ کے گورنر رگھوور داس کی بہو پورنیما داس ساہو، گڑھوا سے سابق وزیر بھانو پرتاپ شاہی، کوڈرما سے سابق وزیر نیرا یادو، سسئی سیٹ سے سابق آئی پی ایس ڈاکٹر ارون اراؤں، گملا سے سابق وزیر مملکت سدرشن بھگت سمیت مجموعی طور پر 32 امیدواروں نے نامزدگی کا پرچہ داخل کیا۔دوسری طرف کانگریس امیدوار کی شکل میں جمعرات کو پرچۂ نامزدگی داخل کرنے والے اہم امیدواروں میں جامتاڑا سے ریاستی وزیر ڈاکٹر عرفان انصاری، لوہردگا سے ریاستی وزیر ڈاکٹر رامیشور اراؤں، جمشیدپور مشرق سے پارٹی کے قومی ترجمان ڈاکٹر اجئے کمار، جشمدی پور مغرب سے ریاستی وزیر بنّا گپتا اور مہگاما سے ریاستی وزیر دیپکا پانڈے سنگھ شامل ہیں۔ آج سو پارٹی کی طرف سے گومیا سیٹ سے لمبودر مہتو، لوہردگا سے نیرو شانتی بھگت اور جگسلائی سے رام چندر سہس کے نام شامل ہیں۔ علاوہ ازیں آر جے ڈی کی طرف سے کوڈرما سیٹ سے سبھاش پرساد یادو اور سماجوادی پارٹی کی طرف سے گڑھوا سیٹ سے سابق وزیر گریناتھ سنگھ نے پرچۂ نامزدگی داخل کیا ہے۔الیکشن کمیشن آف انڈیا نے جھارکھنڈ اسمبلی انتحابات کیلئے دومرحلوں میں ووٹنگ کا اعلان کیا ہے ۔81سیٹوں کیلئے 13اور20نومبر کو دومراحل میں عوام اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کریںگے۔جھارکھنڈ میں انڈیا بلاک نے آنے والے اسمبلی انتخابات کیلئے امیدواروں کی اپنی پہلی فہرست پیر کو جاری کی جس میں کانگریس نے 21 امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا ہے۔ پارٹی نے منڈو، ہزاری باغ اور جمشید پور ایسٹ کو چھوڑ کر 18 سیٹوں سے اپنے ایم ایل ایز کو دوبارہ نامزد کیا ہے۔جھارکھنڈ کانگریس کے سابق صدر اجوئے کمار جمشید پور ایسٹ سے امیدوار ہیں اور ان کا مقابلہ اڈیشہ کے گورنر اور جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ رگھوبر داس کی بہو پورنیما داس ساہو سے ہوگا۔ کمار نے 2019 کے لوک سبھا انتخابات کے بعد ریاستی پارٹی یونٹ کے اندر سینئر قیادت کے ساتھ بڑے اختلافات کا حوالہ دیتے ہوئے کانگریس سے استعفیٰ دے دیا تھا۔