رانچی: جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کی کابینہ میں پہلی بار توسیع کرتے ہوئے اس میں 11 وزراء کو شامل کیا گیا۔ گورنر سنتوش کمار گنگوار نے راج بھون کے اشوک ادیان میں منعقدہ حلف برداری کی تقریب میں تمام 11 وزراء کو عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا۔ سب سے پہلے گورنر نے پروفیسر اسٹیفن مرانڈی کو پروٹیم اسپیکر کے عہدے کا حلف دلایا۔ وہیں وزیر کے طورپر رادھا کرشنا کشورنے سب سے پہلے وزیرکے عہدے کا حلف لیا۔ اس کے بعد دیپک بیروا، چمرا سنڈا، سنجے پرساد یادو، رام داس سورین، عرفان انصاری، حفیظ الحسن، دیپیکا پانڈے سنگھ، یوگیندر پرساد، سودیویہ کمار اور شلپی نیہا ٹرکی نے بطور وزیر عہدہ اور رازداری کا حلف لیا۔ کابینہ میں پانچ نئے چہرے جے ایم ایم کے چمرا لنڈا، سودیویہ کمار اور یوگیندر پرساد، کانگریس کی شلپی نیہا ٹرکی اور آر جے ڈی کے گوڈا ایم ایل اے سنجے پرساد یادو کو پہلی بار وزیر بننے کا موقع ملا۔
جے ایم ایم کے چھ، کانگریس کے چار اور آر جے ڈی کے ایک ایم ایل اے کو اس کابینہ میں جگہ ملی ہے ۔