ہیمنت سورین کی چیف منسٹر جھارکھنڈ کی حیثیت سے دوسری مرتبہ حلف برداری

,

   

کئی اپوزیشن قائدین کی شرکت ۔ اتحاد کا مظاہرہ ۔ 6 جنوری سے اسمبلی کا سہ روزہ سشن منعقد کرنے نئی کابینہ کا فیصلہ

رانچی 29 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) جھارکھنڈ مکتی مورچہ کے لیڈر ہیمنت سورین نے آج دوسری مرتبہ چیف منسٹر جھارکھنڈ کی حیثیت سے ایک زبردست تقریب میں حلف لیا ۔ اس تقریب میں اپوزیشن جماعتوں سے تعلق رکھنے والے اور علاقائی جماعتوں کے کئی قائدین نے شرکت کی ۔ اپوزیشن جماعتوں کا یہ اتحاد ایک وسیع تر مخالف بی جے پی اتحاد کی شکل بھی اختیار کرسکتا ہے جو نئے شہریت قانون کے خلاف ہنگامہ آرائی کے دوران ابھر رہا ہے ۔ سفید کرتا پیجامہ اور ایک نہرو جیکٹ میں ملبوس 44 سالہ قبائلی لیڈر ہیمنت سورین کو ریاست کے 11 ویں چیف منسٹر کی حیثیت سے گورنر دروپدی مرمو نے حلف دلایا ۔ سورین نے عہدہ اور رازداری کا حلف لینے کے بعد کہا کہ ہمیں متحد ہوکر جھارکھنڈ کو نئی بلندیوں تک لیجانا ہے اور سماج کے تمام طبقات کی ہمہ جہتی ترقی کیئلے کام کرنا ہے ۔ ہمیں امن اور خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز کرنا ہے ۔ تقریب حلف برداری میں شرکت کرنے والوں میں کانگریس لیڈر راہول گاندھی ‘ ترنمول سربراہ و چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی ‘ راجستھان اور چھتیس گڑھ کے چیف منسٹر وں اشوک گہلوٹ ‘ بھوپیش باگھیل ‘ سی پی ایم جنرل سکریٹری سیتارام یچوری ‘ سی پی آئی لیڈر ڈی راجہ ‘ ڈی ایم کے لیڈر ایم کے اسٹالن ‘ ان کی بہن کنی موڑھی اور آر جے ڈی کے تیجسوی یادو شامل ہیں۔ ایک دوسرے سے خیرسگالی کا اظہار کرتے ہوئے ان قائدین نے مسکراہٹوں کے ساتھ مصافحہ کیا اور کچھ بغلگیر بھی ہوئے ۔ ریاست میں ہوئے اسمبلی انتخابات میں اپوزیشن اتحاد نے بی جے پی سے ایک اور ریاست چھین لی ہے حالانکہ لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی نے زبردست کامیابی حاصل کی تھی ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ٹوئیٹر پر چیف منسٹر سورین کو مبارکباد دی ہے اور ریاست کی ترقی کیلئے مرکز سے ہر ممکن مدد کا تیقن بھی دیا ہے ۔ سابق اسپیکر اسمبلی اور کانگریس لیڈر عالمگیر عالم ‘ جھارکھنڈ پردیش کانگریس کے صدر رامیشور اوراون اور آر جے ڈی ایم ایل اے ستیانند بھوکتا کو بھی ریاستی وزراء کی حیثیت سے حلف دلایا گیا ۔ ہیمنت سورین کیلئے یہ چیف منسٹر کی حیثیت سے دوسری معیاد ہے ۔ وہ 2009 سے 2013 کے درمیان ڈپٹی چیف منسٹر اور پھر چیف منسٹر بھی رہے تھے ۔ عالمگیر عالم اور اوراوں پہلی مرتبہ وزیر بنے ہیں جبکہ بھوکتا 2000 سے 2005 کے درمیان این ڈی اے حکومت میں وزیر زراعت رہ چکے ہیں۔ علاوہ ازیں ہیمنت سورین کی قیادت میں نئی جھارکھنڈ کابینہ نے 6 جنوری سے ریاستی اسمبلی کا پہلا سہ روزہ سشن طلب کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے ۔ سینئر جے ایم ایم رکن اسمبلی اسٹیفن مرانڈی کو پروٹیم اسپیکر مقرر کیا گیا ہے اور وہ ایک باقاعدہ اسپیکر کے انتخاب تک ایوان کی کارروائی چلائیں گے ۔ اس سوال پر کہ اسپیکر کی ذمہ داری کس کو دی جاسکتی ہے ایک کانگریس لیڈر نے بتایا کہ اسٹیفن مرانڈی کے علاوہ سابق وزیر و سینئر کانگریس لیڈر راجندر پرساد سنگھ اس عہدہ کی دوڑ میں شامل ہیں۔ این سی پی کے رکن اسمبلی کملیش کمار سنگھ نے کہا کہ ان کی پارٹی جھارکھنڈ میں نئی حکومت کی غیر مشروط تائید کریگی ۔ انہوں نے کہا کہ این سی پی قومی سطح پر یو پی اے کا حصہ ہے ایسے میں فطری بات ہے کہ ان کی پارٹی جھارکھنڈ حکومت کی تائید کرے گی ۔