ہیمنت سورین کی کل حلف برداری ‘ وزیر اعظم و دیگر قائدین مدعو

   

رانچی 27 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) جھارکھنڈ کے چیف منسٹر کی حیثیت سے جے ایم ایم لیڈر ہیمنت سورین اتوار 29 ڈسمبر کو حلف لیں گے ۔ تقریب حلف برداری کیلئے وزیر اعظم نریندر مودی ‘ چیف منسٹرس ممتابنرجی و ادھو ٹھاکرے اور کانگریس قائدین راہول گاندھی و پرینکا گاندھی کے علاوہ دوسروں کو مدعو کیا گیا ہے ۔ ہیمنت سورین 29 ڈسمبر کو 2 بجے دن مہرابادی گراونڈ میں اپنے عہدہ کا حلف لیں گے ۔ اس تقریب کیلئے دوسرے قائدین میں پی چدمبرم ‘ احمد پٹیل ‘ شرد پوار ‘ اکھیلیش یادو ‘ مایاوتی کے علاوہ راجستھان ‘ مدھیہ پردیش اورچھتیس گڑھ کے چیف منسٹروں اشوک گہلوٹ ‘ کمل ناتھ اور بھوپیش بھاگیل کے علاوہ چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال کو بھی شرکت کیلئے مدعو کیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ راجیہ سبھا کے نائب صدر نشین ہری ونش کے علاوہ سبکدوش چیف منسٹر رگھو بار داس کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے ۔