ہیمنت سورین 28 نومبر کو چیف منسٹر عہدہ کا حلف لیں گے

,

   

رانچی: جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے آج یہاں راج بھون میں گورنر سنتوش کمار گنگوار سے ملاقات کی اور نئی حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کیا۔اس کے ساتھ ہی ہیمنت سورین 28 نومبر کو چوتھی بار وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیں گے ۔ جھارکھنڈ اسمبلی انتخابات میں انڈیا الائنس نے 56 سیٹیں جیتی ہیں۔قبل ازیں وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے گورنر ہاؤس میں گورنر سنتوش کمار گنگوار کو اپنا استعفیٰ پیش کیا اور گورنر نے ان کا استعفیٰ قبول کرتے ہوئے ان سے کہا ہے کہ وہ نئی حکومت کی تشکیل تک اپنی ذمہ داریاں نبھاتے رہیں۔اس کے بعد جھارکھنڈ مکتی مورچہ، کانگریس، راشٹریہ جنتا دل اور سی پی آئی (ایم ایل) کے وفد نے ہیمنت سورین کی قیادت میں جھارکھنڈ میں حکومت سازی کیلئے منتخب ایم ایل اے کی جانب سے حمایت کا خط گورنر کو سونپا۔ راج بھون میں اس کے بعد گورنر نے ہیمنت سورین کو جھارکھنڈ کا وزیر اعلیٰ نامزد کیا اور انہیں حکومت بنانے کی دعوت دی۔اس سے پہلے رانچی کے کانکے روڈ پرواقع وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ پر انڈیا الائنس کی میٹنگ ہوئی جس میں جے ایم ایم، کانگریس، آر جے ڈی اور سی پی آئی (ایم ایل) کے نو منتخب ایم ایل اے نے شرکت کی۔