ہینڈلومس پر جی ایس ٹی برخواست کرنے راہول گاندھی کا وعدہ

   


قبائلی کسانوں کو اراضی کے حقوق، ایک گھنٹہ تک بافندوںاور کسانوں سے بات چیت
حیدرآباد ۔28 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) کانگریس قائد راہول گاندھی نے تلنگانہ میں بھارت جوڑو یاترا کے تیسرے دن ہینڈلوم ویورس اور قبائلی کسانوں سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے مسائل کی سماعت کی ۔ راہول گاندھی نے تلنگانہ میں کانگریس برسر اقتدار آنے پر ہینڈلومس پر جی ایس ٹی کی برخواستگی اور قبائلیوں کو اراضی کے حقوق فراہم کرنے کا وعدہ کیا۔ بھارت جوڑو یاترا کا آج 51 واں دن تھا ۔ محبوب نگر کے دیور کدرا میں راہول گاندھی نے ہینڈلومس ویورس اور قبائلی کسانوں سے تقریباً ایک گھنٹہ تک بات چیت کی اور کانگریس برسر اقتدار آنے پر مسائل کے حل کا تیقن دیا۔ ایک گھنٹہ طویل ملاقات میں راہول گاندھی نے کہا کہ آپ کو طویل انتظار کی ضرورت نہیں رہے گی۔ ہم عنقریب برسر اقتدار آئیں گے اور مسائل حل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جی ایس ٹی کی برخواستگی کا بافندوں کی جانب سے مطالبہ کانگریس پورا کرے گی۔ انہوں نے قبائل کو اراضی کے پٹہ جات حوالے کرنے کا تیقن دیا۔ مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے بافندوں اور قبائلی کسانوں نے اپنے مسائل سے راہول گاندھی کو واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ ہینڈلومس کی تیاری میں استعمال کی جانے والی اشیاء کافی مہنگی ہوچکی ہے۔ کانگریس دور حکومت میں سبسیڈی فراہم کی جاتی رہی۔ آندھراپردیش کوآپریٹیو آرگنائزیشن سے ہینڈلومس کی خریدی کا انتظام تھا۔ قبائلی کسانوں نے اراضی کے حقوق فراہم کرنے کی درخواست کی۔ نلسار یونیورسٹی کے سنیل کمار نے قبائلی کسانوں کے مسائل سے واقف کرایا اور کہا کہ 3 لاکھ سے زائد درخواستیں زیر التواء ہیں۔ر