ہینڈلوم پر ٹیکس کی مذمت، بی جے پی پر تنقید

   

نظام آباد میں پدماشالی اتمیہ سمیلن ، ایم ایل سی کویتا کا خطاب

نظام آباد :30؍ اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بی آر ایس قائد و رکن تلنگانہ قانون ساز کونسل کلواکنٹلہ کویتا نے مقامی رکن اسمبلی گنیش گپتا پدماشالی اتمیہ سمیلن میں شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے بی جے پی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انگریزوں نے بھی،کبھی ہینڈلوم پر ٹیکس عائد نہیں کیا تھا،مگر مودی کی قیادت والی بی جے پی حکومت، ایسی واحد حکومت ہے جس نے ہینڈلوم پر ٹیکس عائد کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تشکیل تلنگانہ کے بعد سے پدمشالی کے ہمراہ رشتہ استوار کرنے کے لئے کئی فلاحی اسکیمات نافذ کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پدمشالی بھی کاروباری طبقہ ہے اور سب جانتے ہیں کہ کاروبار کے لئے ا من و سلامتی کتنا اہم ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ علٰیحدہ ریاست کا درجہ حاصل کرنے کے بعد سے بی آر ایس حکومت نے ریاست بھر میں حفظ و امان برقرار رکھا۔ پچھلے 60 سالوں میں کسی نہ کسی سبب فساد برپا ہوتالیکن بی آر ایس دور اقتدار میں کوئی ایک بھی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ امن و سلامتی کے سی آر کی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ کویتانے کہا کہ ان کی پارٹی نے گنیش گپتا کو تیسری مرتبہ رکن اسمبلی کا ٹکٹ فراہم کیا ہے۔ بی آر ایس قائد نے درخواست کی کہ گنیش گپتا کو تیسری مرتبہ کامیاب بناتے ہوئے ایک بار پھر انہیں خدمت کا موقع دیں۔