پورٹ ۔ اینڈ ۔ پرنس ۔ 5 اگست (ایجنسیز) ریاست ہائے متحدہ امریکہ نے پیر کے روز ہیٹی میں اپنے سفارتخانے کے قریب شدید فائرنگ کی آواز سننے کے بعد سیکورٹی الرٹ جاری کر دیا۔امریکی محکمہ خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ امریکی حکومت کے اہلکاروں نے سفارتخانہ کے احاطے کے باہر تمام سرکاری نقل و حرکت روک دی ہے۔ لوگوں کو ہیٹی کے دارالحکومت پورٹ۔او۔ پرنس کے علاقہ تبارے سے بچنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ ہیٹی بحرِ اوقیانوس اور مغربی نصف کرہ کا غریب ترین ملک ہے جو جرائم پیشہ گروہوں کے تشدد میں اضافے کی لپیٹ میں ہے۔ اس کا کچھ حصہ حریف مسلح گروہوں کے کنٹرول میں ہے جو قتل، عصمت دری اور اغوا کی وارداتیں کرتے ہیں۔اقوامِ متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق نے کہا کہ اس سال کی پہلی ششماہی میں کم از کم 3,141 افراد ہلاک ہو چکے ہیں کیونکہ جرائم پیشہ عناصر کے تشدد نے ملک کو مزید عدم استحکام کا شکار کر دیا ہے۔
کسی بھی غیر ملکی فریق کو نیوکلیئر تنصیبات تک رسائی نہیں دی جائے گی
تہران ۔ 5 اگست (ایجنسیز) ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے کہا ہے کہ ایرانی شوریٰ کونسل کے منظور کردہ قوانین کے مطابق کسی بھی حالت میں کسی بھی بین الاقوامی ادارے کو ایران کی نیوکلیئر تنصیبات تک رسائی حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ابراہیم عزیزی نے نیوز ایجنسی ’’ تسنیم‘‘ کو بتایا کہ اگلے ہفتے ایران کا دورہ کرنے والا بین الاقوامی نیوکلیئر توانائی ایجنسی (IAEA) کا وفد صرف ایرانی حکام اور ماہرین کے ساتھ تکنیکی اور پیشہ ورانہ بات چیت اور مشاورت کیلئے مجاز ہوگا۔ انہوں نے ان افواہوں کی تردید کی کہ ایجنسی ایران کی نیوکلیئر تنصیبات کا معائنہ دوبارہ شروع کرے گی۔ابراہیم عزیزی نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ کے منظور شدہ قوانین کسی بھی وفد یا غیر ملکی فریق کو نیوکلیئر تنصیبات میں داخل ہونے سے مکمل طور پر روکتے ہیں۔