ہیٹ ٹرک کا مکمل کریڈٹ کپتان ویراٹ کو: بمراھ

   

کنگسٹن۔ یکم ستمبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹسٹ میچ کے دوسرے دن ہیٹ ٹرک لینے والے ہندستانی فاسٹ بولر جسپریت بمراہ نے اس کا مکمل کریڈٹ کپتان ویراٹ کوہلی کو دیا ہے۔بمراہ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹسٹ میچ میں نویں اوور میں ڈیرن براوو، شامرا بروکس اور روسٹن چیز کو مسلسل گیندوں پر آؤٹ کر اپنی پہلی ٹسٹ ہیٹ ٹرک مکمل کرلی یہ کارنامہ انجام دینے والے وہ تیسرے ہندوستانی گیند باز ہیں ۔بمراہ نے پہلی دو گیندوں پر براوو اور بروکس کو آؤٹ کیا اور تیسری گیند پر چیز کو ایل بی ڈبلیو کیا لیکن امپائر نے ناٹ آوٹ قرار دیا۔ اس گیند پر بمراہ بھی کچھ تذبذب کی حالت میں تھے لیکن کپتان ویراٹ کوہلی کو پورا بھروسہ تھا اور انہوں نے بغیر دیر کئے ڈی آر ایس لینے کا فیصلہ کیا۔کمنٹیٹر زنے بھی اس وقت کہا تھا کہ گیند شاید بلے کا اندرونی کنارہ لے کر پیڈ سے ٹکرائی ہوگی۔ اگرچہ ری پلے میں صاف تھا کہ گیند پہلے پیڈ سے ٹکرائی تھی اور تیسرے امپائر نے چیز کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ قرار دیا اور ویراٹ کا فیصلہ درست رہا۔بمراہ نے کہاکہ دراصل مجھے پتہ نہیں تھا۔ میں اپیل کرنے کے لئے پر یقین نہیں تھا۔ مجھے لگا گیند پہلے بلے سے لگی اس لئے میں نے زیادہ زور سے اپیل نہیں کی۔ لیکن کپتان ویراٹ نے ریویو لیا اور یہ اچھا فیصلہ تھا۔ مجھے لگتا ہے کہ میں کپتان کی وجہ سے ہی ہیٹ ٹرک لے پایا۔ویراٹ نے کہاکہ ہم نے اس بارے میں بات کی تھی۔ میں نے بمراہ سے پوچھا کہ انہیں کیا لگتا ہے ۔ سوال صرف اتنا تھا کہ گیند لائن پر تھی یا نہیں اور انہوں نے کہا کہ گیند وکٹ پر ہی تھی لیکن مجھے لگتا ہے کہ گیند نے پہلے بلے کو چھو لیا۔ مجھے اور رہانے دونوں کو ہی لگا کہ بیٹ پر گیند نہیں لگی اور ہم نے ریویو لینے کا فیصلہ کیا۔ ہمارا فیصلہ درست ثابت ہوا۔تیز گیند بازوں کی کامیابی پر بمراہ نے کہاکہ میدان میں تال میل اچھا ہو رہا ہے ۔ جب میں وکٹ لے رہا ہوں تو دیگر بولر بلے بازوں پر دباؤ بنا رہے ہیں اور جب کوئی اور بولر وکٹ لے رہا ہے تو میرا کام دباؤ بنانے کا ہے ۔