سڈنی،6 جنوری (ایجنسز) اوپنر ٹراوس ہیڈکے شاندار 163 رنزکی اننگز اورکپتان اسٹیو اسمتھ کی ناقابلِ شکست 129 رنزکی بدولت آسٹریلیا نے منگل کو سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جا رہے پانچویں اور آخری ایشز ٹسٹ میں انگلینڈ کے خلاف اپنی برتری 134 رنز تک بڑھا لی۔ دن کے اختتام پر آسٹریلیا کے تین وکٹیں باقی تھیں۔ جب ٹراوس ہیڈ اپنی تازہ ترین تباہ کن اننگز کے بعد میدان سے باہرگئے تو اسٹیڈیم تالیوں سے گونج اٹھا۔ اس کے فوراً بعد عثمان خواجہ اپنے آخری ٹسٹ میچ میں بیٹنگ کے لیے نمبر چھ پر میدان میں آئے، جس پر شائقین نے ایک بار پھر پرجوش خیر مقدم کیا۔ تاہم خواجہ کوئی یادگار اننگز نہ کھیل سکے اور ممکنہ طور پر اپنے آخری ٹسٹ اننگز میں17 رنز بنا کر برائیڈن کارس کی فل ٹاس گیند پر آؤٹ ہو ئے۔ میدان سے واپسی پر انہیں بھی خوب داد دی گئی۔ بائیں ہاتھ کے بیٹر ٹراوس ہیڈ نے166گیندوں پر163 رنز بنائے، جو اس ایشز سیریز میں ان کی تیسری سنچری ہے۔ یہ سیریز ان کے لیے غیر معمولی طور پر شاندار ثابت ہوئی ہے۔ ہیڈ کے آؤٹ ہونے کے بعد دن کا باقی کھیل اسٹیو اسمتھ کے نام رہا، جنہوں نے 205 گیندوں پر ناقابلِ شکست 129 رنز بنا کر تیسرے دن کا اختتام کیا اورآسٹریلیا کو سیریز میں 4-1 کی فیصلہ کن برتری کے قریب پہنچا دیا ہے۔ 124 اوورز پر محیط اس اننگز میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کے حوصلے پست کر دیے۔ پہلی اننگز کی برتری 134 رنز تک پہنچ چکی ہے، جو اس لیے بھی اہم سمجھی جا رہی ہے کہ پچ پر غیر ہموار باؤنس نمایاں ہونے لگا ہے اور سڈنی کی گرم موسم میں دراڑیں مزید بڑھنے کا امکان ہے۔کپتان اسٹیو اسمتھ اگرچہ اپنی بہترین روانی میں نظر نہیں آئے، لیکن آغاز سے ہی مکمل توجہ کے ساتھ بیٹنگ کرتے دکھائی دیے۔ ایک موقع پر انہوں نے مڈ آف پر کھڑے برائیڈن کارس سے سورج کی چمک کے باعث اپنی ٹوپی کے پیچھے چشمہ رکھنے کو بھی کہا۔ اسمتھ نے انگلینڈ کے بے ترتیب بولنگ اٹیک کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور اسپنرز ول جیکس اور جیکب بیتھل کے خلاف جارحانہ انداز اپنایا۔ یہ اسمتھ کی ٹسٹ کرکٹ میں 37ویں اور انگلینڈ کے خلاف 13ویں سنچری تھی۔ دن کے اختتام پر انہوں نے جشن کے طور پر ہیلمٹ کو بوسہ دیا۔ اس اننگز کے ساتھ وہ ایشز میں سب سے زیادہ رنز اور سنچریاں بنانے والوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر پہنچ گئے، جہاں اب ان سے آگے صرف عظیم سر ڈان بریڈمین ہیں۔ انگلینڈ کی خراب بولنگ اور فیلڈنگ نے بھی میزبان ٹیم کی مدد کی، پہلے سیشن میں چارکیچ چھوڑے گئے، جن میں اسمتھ کا 12 رنز پر زیک کرالی کے ہاتھوں سلپ میں چھوٹا ہوا کیچ بھی شامل ہے۔ دن کے آغاز میں مکمل طور پر ہیڈ چھائے رہے۔ وہ دوسرے دن کے طویل آخری سیشن میں سنچری سے معمولی فاصلے پر رہ گئے تھے، مگر تیسرے دن کھیل شروع ہونے کے صرف 25 منٹ بعد 105گیندوں پر 12ویں ٹسٹ سنچری بنائی۔
